ایران پر بدترین بمباری، پاسداران کا طاقتور میزائلوں سے جواب، جنگ بندی کا فیصلہ ٹرمپ نہیں ہم کریں گے، تہران

تہران ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی ایران اور لبنان پر بمباری کا سلسلہ نہ رک سکا ، ایران کے دارالحکومت تہران پر اب تک کی بدترین بمباری کی گئی ہے ، ایرانی دارالحکومت کے رسالت اسکوائر کےقریب بمباری میں مزید 40افراد شہید ہوگئے، پاسدارا ن انقلاب نے امریکی و اسرائیلی حملوں کا جواب اپنے طاقتور میزائلوں فارح، عماد خیبر اور قدر کے ذریعے سے دیاہے ، پاسداران انقلاب کے مطابق ان میزائلوں جن میں ہائپر سونک میزائل بھی شامل ہیں کے ذریعے اسرائیل میں فوجی اڈوں،انٹیلی جنس مراکز تیل کی تنصیبات اور خلیج میں قائم امریکی تنصیبات اور اڈوںکو نشانہ بنایا گیا ہے ،بحرین، کویت اور سعودی عرب میں امریکی اڈوں کی طرف میزائل داغے گئے ہیں ، بحرین کےد ارالحکومت مناما میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ وسطی اسرائیل میں دو افرادمار ے گئے ،ابوظبی کے الرویس صنعتی کمپلیکس میں ایک تنصیب پر ڈرون حملے کے بعد آگ لگ گئی جس کے بعد خطے میں تیل کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کو بند کردیا گیا ہے۔امریکی وزیر توانائی نے ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکر کو گزارا ہے جبکہ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز کے قریب سے گزرنے کی جرات بھی نہیں کرسکتی،وائٹ ہاؤس نے اپنے وزیر توانائی کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا بحریہ کا کوئی جہاز آبنائےہرمز نہیں گیا ۔ پنٹاگون نے ایران سے جنگ کے دوران اپنے 140فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جس میں سے 8شدید زخمی ہیں۔پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ ایران کے پاس میزائلوں کا ذخیرہ ختم ہورہاہے، ان کے مطابق ایران کے پاس ایک ٹن سے زائد تک بارود لے جانے والے میزائلوں کی بڑی کھیپ موجود ہے، ایران کا کہنا ہے کہ بیروت میں ہوٹل پر حملے میں ان کے 4سفارتکار شہید ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قطری میڈیا نے اپنے نامہ نگار کے حوالے سے بتایا کہ تہران پر اب تک کی “شدید ترین بمباری” کی گئی ہے جس سے شہر کے رسالت اسکوائر کے قریب کم از کم 40 افراد شہید ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران سے اسرائیلی علاقے کی جانب داغے گئے میزائلوں کی شناخت کی اور دفاعی نظام خطرے کو روکنے کیلئے فعال رہا۔ایران کے خاتم الانبیاء مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملوں کی نئی لہر کے دوران ایرانی افواج نے اسرائیل میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد خلیجی ممالک میں سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا، جبکہ کئی حملے فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیے۔

قطر کی وزارتِ دفاع کے مطابق آج صبح ملک پر کیے گئے ایک میزائل حملے کو کامیابی سے روک دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت تہران سے کوئی براہِ راست رابطہ نہیں ہے اور ایرانی حملے خطے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے خطرناک ہو سکتے ہیں۔

کویت نیشنل گارڈ نے ملک کو نشانہ بنانے والے 8 ڈرون مار گرائے، ایک حملے میں ایئرپورٹ کے فیول ٹینک کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے، حکام کے مطابق مزید فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

عمان نے موجودہ سیکیورٹی صورتِ حال کے باعث مسقط انٹرنیشنل بک فیئر ملتوی کر دیا ہے، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران کسی نئے حملے یا جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔

بحرین میں دارالحکومت منامہ کے قریب علاقے سترا میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

ڈرون حملے کے بعد مامیر کی ایک تنصیب میں آگ بھڑک اٹھی، اس سے قبل منامہ میں ایک رہائشی عمارت پر ڈرون گرنے سے 1 خاتون ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔

متحدہ عرب امارات کی فضائی دفاعی فورسز نے ایران سے آنے والے میزائل اور ڈرون مار گرائے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1 ہزار سے زیادہ حملوں کا سامنا کیا جا چکا ہے، تازہ حملوں میں کسی نئے زخمی کی اطلاع نہیں ملی۔

سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات کی سرحد کے قریب واقع اہم آئل فیلڈ کو نشانہ بنانے والے 7 ڈرون تباہ کر دیے۔

سعودی حکام کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ مشرقی علاقے میں ایک فضائی اڈے کے قریب آنے والے بیلسٹک میزائل بھی روک لیے گئے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *