ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز پر نیا آرڈر نافذ ہوگا، ہرمز سے گزرنے کیلئے ایرانی نیوی کی اجازت لازمی ہوگی۔
پاسداران نے کہا ہے کہ ایران کیجانب سے طے کیے گئے راستے پر جہاز سفر کریں گے جبکہ نیول جہازوں کے گزرنے پر سخت پابندی ہے۔
رئیر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے ایران کی نہیں اپنے دوستوں کی ناکہ بندی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی باتوں کو کوئی نہیں سنتا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک گھنٹے میں سات دعوے کیے ہیں اور ساتوں جھوٹے ہیں۔
ایک بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایسے دعوؤں سے امریکا کو فاتح نہیں سمجھا جاسکتا اور نہ ہی ان سے مذاکرات میں پیشرفت ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے گزرگاہ پر رکاوٹیں رہیں تو آبنائے ہرمز کھلی نہیں رہے گی۔ آبنائے ہرمز سے جہازوں کے گزرنے کا عمل مخصوص راستوں سے ہوگا اور اس کے لیے ایران کی اجازت لازم ہوگی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ یہ بھی کہ آبنائے ہرمز کھلی ہو یا بند ہو اور اس سے متعلق جو بھی ضوابط ہوں وہ فیلڈ کی صورتحال سے طے ہوں گے، سوشل میڈیا سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا جنگ اور عوامی رائے کو انجینئر کرنا جنگ کا اہم حصہ ہوتا ہے مگر ایرانی عوام ان حربوں سے متاثر نہیں۔
باقر قالیباف نے مزید کہا کہ مذاکرات سے متعلق اگر حقیقی اور درست خبر جاننا ہو تو ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا انٹرویو دیکھا جائے۔
ایران نے کہا ہے کہ افزودہ یورینیم کو امریکا منتقل کرنا کبھی آپشن نہیں رہا۔
ایرانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ افزودہ یورینیم کو امریکا منتقل کرنا کبھی ایران کے لیے آپشن نہیں رہا۔
اس سے پہلے ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ اپنے رہنماؤں کے قتل کا ذمے دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا و اسرائیل کے یہ حملے جنگی جرم ہیں جو انسانیت کے خلاف بھی جرم ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکا ایران سے اس کا افزودہ یورینیم حاصل کرے گا اور اسے امریکا منتقل کرے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا یہ کام اطمینان سے اور مرحلہ وار طریقے سے کرے گا۔










Post your comments