پاکستانی اداکار ہمایوں اشرف نے اپنی غیر شادی شدہ زندگی، سنگل رہنے کے فوائد اور لڑکیوں کی ان عادات پر کھل کر بات کی ہے جو انہیں سب سے زیادہ ناپسند ہیں۔
ہمایوں اشرف نے حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق مختلف سوالات کے جواب دیے۔
سنگل رہنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ میرے نزدیک غیر شادی شدہ زندگی کا سب سے بڑا فائدہ آزادی ہے، سنگل افراد کو اپنی روزمرہ زندگی کے بارے میں کسی کو جواب دہ نہیں ہونا پڑتا، وہ اپنی مرضی سے سوتے، جاگتے اور جب چاہیں کہیں بھی گھومنے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سنگل شخص صرف اپنی ذمے داری اٹھاتا ہے، کسی پر انحصار نہیں کرتا اور گھریلو مسائل یا روزمرہ کے حساب کتاب کی فکر بھی نہیں ہوتی۔
ہمایوں اشرف نے گفتگو کے دوران ان عادات کا بھی ذکر کیا جو انہیں لڑکیوں میں ناپسند ہیں۔
اداکار نے کہا کہ مجھے بدتمیز یا غیر شائستہ رویہ بالکل پسند نہیں، بعض لوگ بلند آواز یا سخت لہجے کو پرکشش یا مزاحیہ سمجھتے ہیں، جبکہ میرے نزدیک ایسا رویہ کشش کے بجائے ناگواری کا باعث بنتا ہے، خوبصورتی سے زیادہ اہم اچھی تربیت اور خوش اخلاقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ایسے افراد بھی پسند نہیں جو اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے اس کا جواز پیش کریں یا دوسروں کی غلطی کا انتظار کریں تاکہ بعد میں طعنہ دے سکیں، اگر کسی سے غلطی ہو جائے تو اسے سادہ انداز میں تسلیم کر لینا چاہیے۔
ہمایوں اشرف نے واضح کیا کہ یہ میرے ذاتی مشاہدات اور تجربات ہیں اور ضروری نہیں کہ ہر شخص یا ہر خاتون کا رویہ ایسا ہی ہو، مردوں میں بھی ایسی عادات ہو سکتی ہیں، تاہم میں صرف اپنی ذاتی زندگی کے تجربات بیان کر رہا ہوں۔















Post your comments