پیغمبر اسلام کے نواسے امام حسین ؓ اور ان کے بہتر ساتھیوں کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کا دن، یوم عاشور پر ملک بھر میں شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے گئے۔
لاہور میں نثارحویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد جلوس کربلا گامے شاہ کی جانب گامزن ہے، محلہ شیعاں میں اذان علی اکبر، ہزاروں عزادار مرد، خواتین اور بچے شریک ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک میں مجلس عزا کے بعد آج صبح برآمد ہوا، ملتان، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، اسکردو، مظفّرآباد اور دیگر شہروں میں بھی عاشورہ کے جلوس برآمد ہوئے۔
کربلا میں تین روز کی بھوک اور پیاس کے بعد قتل امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی یاد میں نیاز اور سبیلوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
کربلا میں نواسہ رسول امام حسین ؓ اور رفقاء کی شہادت کی یاد میں 10 محرم الحرام کو ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوسوں نکالے جا رہے ہیں۔
کراچی میں نشتر پارک میں یومِ عاشور کی مرکزی مجلس کے اختتام کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہو گیا۔
جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا۔
جلوس میں مجموعی طور پر پولیس کے 5 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر ہیں جبکہ رینجرز کے جوان بھی جلوس کی سیکیورٹی لیے اپنے فرائص انجام دے رہے ہیں۔
جلوس کے راستوں اور اس کے ارد گرد موبائل فون سروس کو جزوی طور پر بند رکھا گیا ہے، جلوس کے دوران ایم جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے اور اس حوالے سے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں۔
جلوس کی گزرگاہوں سے متصل گلیوں، سڑکوں، مارکیٹیوں اور دکانوں کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا ہے۔
راولپنڈی: یوم عاشور کا مرکزی جلوس برآمد
راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہو گیا ہے جبکہ امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہونے والا جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہو گا۔
راولپنڈی پولیس کے 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
کوئٹہ: یومِ عاشور کا مرکزی جلوس برآمد
کوئٹہ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ پر واقع شہداء چوک سے برآمد ہوا۔
جلوس کے روٹس کی جانب جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ راستے میں واقع تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔
جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت علمدار روڈ پر مومن آباد امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
کوئٹہ میں ذوالجناح، تعزیوں اور علموں کا جلوس 35 دستوں پر مشتمل ہے، جس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے قائدین کر رہے ہیں۔
شیعہ کانفرنس کے مطابق جلوس کے ساتھ 1200 رضاکار خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ راستے میں 30 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یومِ عاشور کے موقع پر ایف سی، پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کے 17 ہزار اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
پشاور: یوم عاشور کا پہلا جلوس اختتام پذیر
پشاور میں یوم عاشور کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا مصطفیٰ شاہ محلہ خدادا میں اختتام پذیر ہو گیا۔
جلوس امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی کوچہ جان سے برآمد ہوا تھا
شیخوپورہ: مرکزی جلوس امام بارگاہ شان حسین سے برآمد
شیخوپورہ میں شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ شان حسین سے برآمد ہو گیا ہے، مرکزی جلوس شام کو کربلا عید گاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
ایبٹ آباد میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بار گاہ ڈگی محلہ، بہاولنگر میں جامعتہ الزہراہ اور کبیروالا میں ککڑہٹہ روڈ سے برآمد ہوا۔
حیدرآباد: یوم عاشور کا مرکزی جلوس برآمد
حیدرآباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس قدم گاہ مولا علی سے بر آمد ہوا، سینٹ میری چوک پر ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس روائتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا دادن شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
لودھراں میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس خواجہ والا چوک سے برآمد ہو گیا ہے جو مغرب کے وقت ریلوے اسٹیشن قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
پاکپتن: 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس برآمد
پاکپتن میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہو گیا ہے، جلوس مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے شام کو واپس امام بارگاہ میں داخل ہو جائے گا۔
قصور میں یومِ عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سادات منزل سے برآمد ہو گیا ہے۔
اس کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے جارہے ہیں۔
یومِ عاشور پر پنجاب کے 24 اضلاع میں رات 10 بجے تک موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بحال رہے گی۔
وفاقی وزارتِ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق امن و امان اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر راولپنڈی، سرگودھا، حافظ آباد، گجرات، نارووال، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال اور رحیم یار خان سمیت 24 اضلاع میں موبائل فون سروس محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر جزوی طور پر معطل کی گئی۔
موبائل فون سروس صرف جلوس اور مجالس والے حساس علاقوں میں جزوی معطل رہے گی۔














Post your comments