ایران نے اسرائیلی فوجی طیاروں کیلئے سخت انتباہ جاری کردیا

ایرانی خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے جمعے کے روز خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی فوجی طیارے پڑوسی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے ایران کی جانب پرواز کرتے ہیں تو انہیں ایران کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جاری کردہ بیان میں ان اسرائیلی سرگرمیوں کو خطرناک اقدام قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ایران کی قومی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں اور ایران ان کے جواب میں مناسب ردِعمل دینے کا حق رکھتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر امریکا اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے یا کنٹرول کرنے میں ناکام رہتا ہے تو ایران اپنی سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کے خطرے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران اپنے خلاف کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا اور ان خطرناک اقدامات کا جواب دینا اپنا جائز حق سمجھتا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ خطے کے چھوٹے ممالک مخصوص یقین دہانیوں سے دھوکا نہ کھائیں۔

ایک بیان میں علی اکبر ولایتی نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایرانی کنٹرول کی بدولت استحکام برقرار ہے، طویل ایرانی کنٹرول سے خلیجی مالک کا استحکام برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ  مغرب نے خطے کو بربریت، لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں دیا، خطے کے چھوٹے ممالک مخصوص یقین دہانیوں سے دھوکا نہ کھائیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر نے مزید کہا کہ ان ممالک کا وجود بڑی طاقتوں کی سرپرستی کے مرہونِ منت ہوتا ہے، خطے کی نئی صف بندی میں ان چھوٹے ممالک کی کوئی حیثیت نہیں۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *