امریکا کے صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھل گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز میں بہت اچھا اقدام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں ایران بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کے معائنوں پر رضامند ہوجائے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران مستقبل میں طویل عرصے تک جوہری شفافیت یقینی بنانے کیلئے راضی ہوگا۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سوئٹزر لینڈ سے واپس امریکا روانہ ہوگئے، انہوں نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ میں گزارے 36 گھنٹے بہت نتیجہ خیز رہے، ہم نے تبدیل شدہ اور مختلف مشرق وسطیٰ کی بنیاد رکھی ہے، اب اس پر کام جاری رکھنا ہوگا۔
ایک بیان میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران نے بہت عرصے بعد ہتھیاروں، جوہری پروگرام کے معائنہ کاروں کو آنے کی اجازت دی ہے۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ معائنہ کاروں کو داخلے کی اجازت بڑی بات ہے لیکن ہمیں دیکھنا ہے کہ معائنہ کرایا جاتا ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یقینی بنائیں گے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے، ایران کے ساتھ تکنیکی مذاکرات میں مسلسل پیش رفت ہو رہی ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ ہم نے ایسا طریقۂ کار قائم کرلیا ہے جس سے آبنائے ہرمز کھلی رہے گی۔ اب ایندھن کی قیمتیں مزید کم ہوتی رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقائی جنگ بندی یقینی بنانے کے لیے بھی مناسب نظام قائم کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی برقرار رکھنے کیلیے ہم اتحادیوں، اسرائیلیوں، خلیجی ممالک سب کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو 23 سے 25 جون تک خلیجی ممالک کا دورہ کریں گے۔
اس حوالے سے واشنگٹن سے امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین جائیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مارکو روبیو خلیجی حکام سے امریکا ایران مفاہمتی یادداشت اور آبنائے ہرمز سے متعلق بات چیت کریں گے۔
محکمہ خارجہ کے مطابق مارکو روبیو بحرین میں خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔














Post your comments