بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے زمان پارک آپریشن کے دوران پیٹرول بم پھینکنے کا اعتراف کرلیا۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں گفتگو کے دوران صحافی نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ 9 مئی کے دن آپ کے لوگوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم دیکھے گئے، جس کے جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پیٹرول بم ہم نے زمان پاک لاہور میں استعمال کیے تھے اور کہیں نہیں۔صحافی نے سوال کیا کہ ویڈیوز موجود ہیں مقامی عہدیدار پیٹرول بم حساس عمارتوں پر پھینک رہے تھے، جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر کوئی تنظیمی عہدے دار پیٹرول بم پھینکنے میں ملوث ہے تو کڑی سزا دی جائے، ان سے کہا گیا کہ 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو دیکھا گیا ہے، جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سی سی ٹی وی ویڈیوز نکالیں اور دیکھیں اس میں کون لوگ ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آئی ایس پی آر نے کہا مافیا پیسے خرچ کرکے پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں۔صحافی نے پوچھا کہ آپ نے ہمیں نواز شریف اور زرداری کی کرپشن کی کہانیاں سنائیں، جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اب الیکشن میں دھاندلی کرکے انہی لوگوں کو مسلط کیا گیا، فوج قومی ادارہ ہے اس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بنگلادیشں سے برے حالات پاکستان میں ہیں، حسینہ واجد کے واقعہ کے بعد مجھے لگ رہا ہے ملک میں کچھ بڑا ہونے والا ہے، میں ملک کی خاطر بات کرنے کو تیار ہوں، کوئی اگر بات نہیں کرنا چاہتا تو نہ کریں میں بھی نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ہمارے 16 لوگ شہید ہوئے، صحافی نے پوچھا کہ اگر آپ کے 16 لوگ شہید ہوئے تو پی ٹی آئی نے نام کیوں جاری نہیں کیے؟ جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پولیس نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ اس حوالے سے کوئی بات نہ کریں۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مطالبہ ہے مجھ سمیت نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری، محسن نقوی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالا جائے۔صحافی نے سوال کیا کہ شہباز گل، مراد سعید، قاسم سوری،فرح گوگی، احسن جمیل گجر فرار ہوئے انہیں واپس کیوں نہیں بلاتے؟، جس کے جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے ڈر نہیں لگتا یہاں ٹرائل نہیں ہوتا ڈالا آجاتا ہے۔شیر افضل مروت کا پی ٹی آئی میں اس وقت کیا اسٹیٹس ہے؟ بانی پی ٹی آئی شیر افضل مروت کےحوالے سے سوال پر جواب دیے بغیر چلے گئے۔
Post your comments