ایران میں بچیوں کے اسکول پر حملےکا ذمہ دار امریکا نکلا

ایران کے علاقے مناب میں بچیوں کے اسکول پر حملے کا ذمے دار امریکا نکلا۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق فوجی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ مناب اسکول پر حملہ امریکی فوج کی جانب سے ہدف کے تعین کی غلطی تھی۔

ایرانی حکام کے مطابق اس امریکی حملے میں 150 سے زائد بچوں اور بچیوں سمیت 175 افراد شہید ہوئے تھے۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی تحقیقات کے مطابق ابتدائی طور پر پتا چلا ہے کہ میزائل کے حملے کے لیے پرانے ڈیٹا کا استعمال اس غلطی کا باعث بنا۔

صدر ٹرمپ اس سے پہلے کہہ چکے ہیں کہ اسکول پر حملے کی ذمے داری خود ایران پر عائد ہوتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 28 فروری کو شجرہ طیبہ ایلیمینٹری اسکول پر امریکی ٹوما ہاک میزائل کا حملہ امریکی غلطی کے باعث ہوا، اُس وقت امریکی فوج قریب ہی واقع ایک ایرانی فوجی اڈے کو نشانہ بنا رہی تھی۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل کمانڈ کے افسران نے ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کی طرف سے فراہم کیا گیا پرانا ڈیٹا استعمال کیا، فوجی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں اور کئی سوالوں کے جواب ابھی سامنے نہیں آئے ہیں۔

اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ بھی جواب سامنے نہیں آیا کہ پرانے ڈیٹا کو ڈبل چیک کیوں نہیں کیا گیا؟ بچوں سے بھرے اسکول کو نشانہ بنانا حالیہ عشروں میں کی سب سے بڑی اور بھیانک فوجی غلطی ہے، امریکا کو اکیلا ذمے دار اس لیے کہا جارہا ہے کہ ٹوما ہاک میزائل صرف امریکی فوج استعمال کر رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران میں جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔

اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں نشانہ بنانے کے لیے عملی طور پر اب کچھ باقی نہیں بچا، اس لیے جنگ بھی جلد ختم ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں جب اسے ختم کرنا چاہوں گا ایران جنگ ختم ہوجائے گی، امریکا کی ایران کے ساتھ جاری جنگ ’بہت اچھے انداز میں‘ جاری ہے اور اس کے نتائج توقع سے بہتر ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج نے متوقع سے زیادہ نقصان پہنچایا، ہم اپنے شیڈول سے آگے ہیں اور چھ ہفتے کے اصل منصوبے میں بھی ہم نے زیادہ نقصان پہنچایا۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا ہے، حملے میں 100 امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ اس نے کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملے کیے، جن میں العدیری ہیلی کاپٹر بیس، محمد الاحمد نیول بیس اور علی السالم ایئر بیس شامل ہیں۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *