سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی پراکسیز فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان کے خلاف مختلف کارروائیوں میں34 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حالیہ دنوں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کردی ہیں، شمالی وزیرستان کے قریب سرحد پار دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی، ہلاک دہشتگردوں میں ایک افغان شہری بھی شامل ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں 4مقابلوں میں 26، ژوب میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد مارے گئے، صدر ، وزیراعظم، وزیر داخلہ و دیگر نے فورسز کو کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین کیا ہے ، دوسری جانب باجوڑ کے علاقے نوے کلی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے چارپولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ ابابیل اسکواڈ رمضان المبارک کے دوران معمول کی گشت پر تھی۔پولیس کے مطابق باجوڑ تحصیل خار کے علاقے نوے کلی میں پولیس پر فائرنگ سے 4اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دو شدیدزخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں الگ الگ آپریشن میں 18 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 24 فروری کو ضلع ژوب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا۔
25 فروری کو ایک جامع کلیئرنس اور سرچ آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ خوارج کے چھپے ہوئے عناصر کی تلاش کیلئے کیا گیا، جس کے دوران فورسز نے خوارج کی نقل و حرکت کو مختلف راستوں پر ٹریس کیا اور خواج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی اسپانسرڈ 10 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، ہلاک خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ہلاک خوارج اس علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت انسداد دہشتگردی مہم جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔











Post your comments