حج 2027ء کے لیے عازمین کی آن لائن رجسٹریشن کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
اس حوالے سے ترجمان وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عازمینِ حج وزارتِ مذہبی امور کی آفیشل ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، رجسٹریشن کے ابتدائی مرحلے کے لیے فی الحال پاسپورٹ ہونا لازمی نہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ حج بکنگ کے مرحلے پر پاسپورٹ لازمی ہو گا، جس کی میعاد 16 نومبر 2027ء تک ہونی چاہیے، صرف رجسٹرڈ افراد ہی حج 2027ء کی بکنگ کے اہل ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ حج بکنگ ’پہلے آئیں پہلے پائیں‘ کی بنیاد پر مطلوبہ کوٹہ پورا ہونے تک کھلی رہے گی، حج پیکیج کے حتمی اخراجات اور شرائط کا اعلان حج پالیسی 2027ء میں الگ سے کیا جائے گا۔
حج رجسٹریشن کی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی: وزیرِ مذہبی امور
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قومی آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج کو ڈیجیٹائز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی کسی بھی ملک سے حج کے لیے رجسٹریشن کروا سکیں گے، حج رجسٹریشن کی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ سرکاری اور نجی حج اسکیم، دونوں کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے، رجسٹریشن کے بغیر حج 2027ء کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی جا سکے گی۔
وزیرِ مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 26 نومبر 2027ء تک مؤثر ہونا ضروری ہے، ایک خاندان کے افراد مشترکہ طور پر رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ عازمین گھر بیٹھے آن لائن بھی حج رجسٹریشن کرا سکیں گے، رجسٹریشن کے بعد ہی سرکاری یا نجی حج اسکیم کا انتخاب ممکن ہو گا۔














Post your comments