امریکا کے ساتھ معاہدے میں آگے بڑھنے کیلئے تیار ہیں: سعید خطیب زادہ

ایران کے نائب وزیرِ خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ معاہدے پر مرحلہ وار پیش رفت کے لیے تیار ہے بشرطیکہ واشنگٹن اپنی سنجیدگی ثابت کرے اور اسرائیل لبنان سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی شرائط پر عمل کو یقینی بنائے۔

الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران سفارت کاری کو ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ سمجھتا ہے تاہم امریکا کو یہ یقینی بنانا ہو گا کہ اسرائیل اپنی کارروائیاں مستقل بنیادوں پر روکے اور معاہدے کی پاسداری کرے۔

ایرانی نائب وزیرِ خارجہ نے لبنان میں حالیہ اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل جنگی کارروائیوں کے سنگین اور فوری نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ایران غزہ سمیت تمام محاذوں پر امن کا خواہاں ہے اور لبنان میں جنگ کا خاتمہ جنگ بندی منصوبے کا اہم حصہ ہے۔

سعید خطیب زادہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران بین الاقوامی قوانین اور عمان کے تعاون سے بحری آمد و رفت کی سہولت جاری رکھے گا، معاہدے کے تحت 60 دن تک کسی قسم کی راہداری فیس عائد نہیں کی جائے گی تاہم اس مدت کے بعد آبی گزرگاہ کے انتظام کا نیا نظام متعارف کروایا جائے گا۔

اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ امریکا سے معاہدے کے حوالے سے ضروری مشاورت جاری ہے اور مذاکرات کے لیے حالات سازگار ہونے پر باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سوئٹزر لینڈ میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مجوزہ مذاکرات کو ملتوی کر دیا گیا تھا، یہ پیش رفت جنوبی لبنان میں اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد سامنے آئی تھی۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *