پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے اعظم کی اگلے ہفتے پہلی ملاقات متوقع

پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے اعظم کی اگلے ہفتے پہلی ملاقات متوقع، شہباز شریف جکارتہ میں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس میں دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملیں گے، صدر اردوان و پزشکیان شامل ہیں ، پاکستان بھارت سے فضائی حدود استعمال کرنیکی خصوصی اجازت نہیں مانگے گا، وزیراعظم کا طیارہ متبادل راستہ اختیار کریگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان اگلے ہفتے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں پہلی مرتبہ ملاقات کریں گے۔ یہ دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات ہوگی، جب سے طارق رحمان نے تقریباً چھ ماہ قبل ڈھاکا میں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا ہے۔ علاقائی سطح پر ہونے والی حالیہ پیش رفت کے تناظر میں دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات خاصی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔ دونوں وزرائے اعظم جکارتہ میں نو رکنی ڈی ایٹ تنظیم برائے اقتصادی تعاون کے 12ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے موجود ہوں گے۔ یہ سربراہی اجلاس رواں سال اپریل میں مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والے تنازع کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا۔ تین روزہ سربراہی اجلاس پیر 17 اگست سے شروع ہوگا۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع نے ہفتے کے روز دی نیوز/جنگ کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی اہم ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کی اجلاس میں شریک دیگر ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی شامل ہیں۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *