امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکا سے براہِ راست رابطہ کیا ہے، وہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔
شمالی کیرولائنا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور ہم دیکھیں گے کہ یہ معاملہ کیسے آگے بڑھتا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا ایران نے براہِ راست ان سے رابطہ کیا ہے یا کسی ثالث کے ذریعے پیغام پہنچایا ہے، تو ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے مجھ سے براہِ راست رابطہ کیا گیا ہے۔
دریں اثناء جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ امریکا اس وقت جنگ کے کس مرحلے میں ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ امید ہے کہ ہم جنگ کے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب آبنائے ہرمز کے معاملے پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
جون میں طے پانے والی ایک یادداشت کے باوجود یہ صورتِ حال برقرار ہے، اس ایم او یو میں وسیع تر امن معاہدے کی جانب پیش رفت کے لیے اس اہم آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے کا معاہدہ کرنے کا تصور پیش کیا گیا تھا۔
فروری میں امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے کیے تھے، جن میں سرکاری عمارتوں، فوجی تنصیبات، میزائل تنصیبات اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا، اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔
اس کے بعد یہ تنازع خطے کے دیگر حصوں تک بھی پھیل گیا، جبکہ لڑائی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔














Post your comments