فردوس جمال کا شاہ رخ خان سے متعلق بیان پر یوٹرن

اپنے متنازع بیانات کے باعث بھی اکثر خبروں کی زینت بننے والے پاکستانی سینئر اداکار فردوس جمال نے بھارتی اداکار شاہ رخ خان سے متعلق اپنے سابقہ بیان سے یوٹرن لے لیا۔

اداکار نے حال ہی میں یوٹیوب کے ایک چینل کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان سے متعلق اپنے سابقہ بیان کی وضاحت پیش کی۔

فردوس جمال نے کہا ہے کہ میں نے شاہ رخ خان کے خلاف کچھ نہیں کہا تھا، میں ان کا مداح ہوں، وہ ایک بہترین اداکار ہیں اور دلیپ کمار کی فنی روایت کا تسلسل ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہر اداکار کا اپنا ایک فکری اور فنی مکتب ہوتا ہے، میرا تعلق دلیپ کمار کے مکتبِ فکر سے ہے، شاہ رخ خان جیسے اداکار مختلف ہیں، مختلف اداکار مختلف لوگوں سے متاثر ہوتے ہیں، جبکہ میں دلیپ کمار، محمد علی، آغا طالش اور علاؤالدین جیسے اداکاروں سے متاثر ہوں۔

فردوس جمال نے کہا کہ ایک اداکار کے سفر کی ابتداء اور بنیاد دوسروں سے سیکھنے سے ہوتی ہے، انسان بنیادی طور پر نقل کرنے والا فنکار ہے، آدم سے لے کر آج تک ہم ہر چیز نقل کرتے اور سیکھتے آئے ہیں، اس میں کوئی برائی نہیں، سیکھنا ایک بڑی صلاحیت ہے، اسے منفی انداز میں نہیں دیکھا جانا چاہیے، یہ انسان کی فطرت ہے۔

انہوں نے اداکارہ ماہرہ خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماہرہ خان میرا مسئلہ نہیں ہیں، انہیں میرا مسئلہ نہ بنائیں، نہ وہ میری اہلیہ ہیں اور نہ ہی میرے خاندان کا حصہ، تو پھر انہیں اس معاملے میں کیوں گھسیٹا جا رہا ہے؟ یہ اچھی بات ہے کہ لوگ انہیں پسند کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ فردوس جمال اس سے قبل شاہ رخ خان کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ وہ اچھے اداکار نہیں اور دلیپ کمار اور شاہ رخ خان کا موازنہ کرنا بے معنی ہے، انہوں نے شاہ رخ خان کے تلفظ اور ادائیگی پر بھی تنقید کی تھی، جبکہ ان کے جسمانی خدوخال کو بھی معیار کے مطابق قرار نہیں دیا تھا۔

فردوس جمال کے مطابق شاہ رخ خان اداکار کی حیثیت سے کہیں زیادہ بڑے اسٹار ہیں۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *