اسلامی تعاون تنظیم کی مکہ، مدینہ کے علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت

اسلامی تعاون تنظیم نے مقدس شہر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں پر حوثی گروپ کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

تنظیم کے جنرل سیکریٹریٹ نے بیان میں کہا ہے کہ ان حملوں کا مقصد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا، مقدس مقامات اور مساجد کی حرمت پامال کرنا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا تھا۔

اسلامی تعاون تنظیم کے مطابق مقدس مقامات، مساجد اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے جو اسلامی اقدار اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کے منافی ہے۔

تنظیم نے مقدس مقامات کی بے حرمتی کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے ذمے داروں کے خلاف مؤثر کارروائی اور انہیں روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مقدس مقامات، شہریوں، ملکی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے سعودی اقدامات کی حمایت کا بھی اعلان کیا ہے۔

سعودی اتحاد نے کہا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا۔

سعودی اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یمنی حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون کو مکہ کے گرد ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی روک لیا گیا۔

دونوں مقدس مساجد کا تحفظ سرخ لکیر ہے اور اتحاد حوثیوں کے خلاف ضروری اقدامات کرے گا۔

سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے بیان میں کہا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش تھی، اس سے پہلے جولائی 2017 میں بھی مکہ پر بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔

اس سے پہلے منگل کی رات کو بھی سعودی عرب کے شہروں جزان، ابہا اور خمیس ​​مشیط میں حملے کے خطرات پر سائرن بج اٹھے تاہم کچھ دیر بعد وارننگ واپس لے لی گئی۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *