وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات ہوئی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔
دوحا میں وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر سے وفود کی سطح پر ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے وسیع معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر نے پاک قطر تعلقات کے پہلوؤں کاجائزہ لیا، فریقین نے مشترکہ اقتصادی اہداف اور علاقائی استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔شہباز شریف اور امیر قطر نے اسٹریٹجک تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم اور امیر قطر نے علاقائی، عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی، خطے میں کشیدگی بڑھنے پر بھی گفتگو کی گئی۔شہباز شریف نے امیر قطر کی طرف سے فلسطین کے معاملے پر قطر کے مؤقف کی تعریف کی، وزیراعظم نے فوری جنگ بندی کیلئے قطر کی ثالثی، انسانی امداد کی فراہمی کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ہمراہ قطر میوزیم کا دورہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر نے اعلیٰ سطح کے وفود اور دوطرفہ ملاقات کی۔ملاقات کے بعد ایک ہی گاڑی میں دیوان امیر سے قطر میوزیم تک کا سفر طے کیا۔ امیر قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستانی فن پاروں کی نمائش “منظر” کا دورہ کرایا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے مابین غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی۔ امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ شیخہ المیاسہ بنت حمد چیئر پرسن قطر میوزیم نے پاکستانی فنکاروں کا تعارف کرایا۔ شیخہ المیاسہ بنت حمد نے وزیراعظم شہباز شریف کو نمائش میں موجود فن پارے دکھائے۔وزیراعظم نے منظر آرٹ گیلری کے انعقاد اور پاکستانی فنکاروں کی پذیرائی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قطر میں اس نمائش کا انعقاد پوری پاکستانی قوم کےلیے باعث فخر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی مصوروں، فوٹوگرافرز اور خطاط سے ملاقات بھی کی۔ نمائش میں 1940 سے آج تک کے پاکستانی مصوری، فوٹوگرافی، مجسمے اور دیگر فن پارے شامل ہیں۔ نمائش میں شاکر علی، صادقین، گل جی، زبیدہ آغا، کامل خان ممتاز، نیر علی دادا اور دیگر کے فن پارے شامل ہیں۔
Post your comments