معاہدے کا متن دستخط کے بعد جاری ہوگا، معاہدے پر عمل درآمد جمعے سے کرے گا، ایرانی نائب وزیر خارجہ

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ امریکا کی بحری ناکہ بندی آج رات سے ختم ہوگی، معاہدے کا متن دستخط کے بعد جاری ہوگا۔ ایران معاہدے پر عمل درآمد جمعے سے کرے گا۔

کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ مفاہمی یاداشت کا مطلب دشمن پر اعتماد کرنا نہیں، حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات 60 دن میں ہوں گے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ معاہدے کی پاسداری نہ ہوئی تو ایران ردعمل دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی فوجی طاقت نے معاہدے کے متن کو حتمی شکل دینے میں مدد کی۔ ایم او یو پراس وقت تک اتفاق نہیں کیا جب تک کہ اپنے مطالبات کو متن میں شامل نہ کر لیا۔

 ایرانی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  60 روزہ مذاکراتی عمل میں پابندیوں کے خاتمے پر فوکس کیا جائے گا۔ منجمد اثاثوں کی بحالی، ناکہ بندی اورجنگ کاخاتمہ ہونے پرمذاکرات میں شامل ہوں گے۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آئندہ مذاکرات میں ثالث موجود رہیں گے۔ 60 روزہ مذاکرات میں جوہری معاملات زیرِ بحث آئیں گے، 60 روزہ مذاکرات میں پابندیوں کے خاتمے پر بات ہوگی، ایران کی تعمیرِ نو کے طریقہ کار بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

علاوہ ازیں ایرانی سرکاری ٹی وی نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا کو امن معاہدہ قبول کرنے پر مجبور کیا۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل معاہدے سے متعلق جلد بیان جاری کرے گی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار نے جیو نیوز کو تصدیق کی ہے امریکا اور ایران کے درمیان آج ڈیل کا امکان ہے تاہم خبردار کیا ہے کہ آخری لمحات میں بھی اسرائیل کی جانب سے اس ڈیل کوسبوتاژ کیے جانے کے خدشات موجود ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار سے اس نمائندے نے سوال کیا تھا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بعض میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے آج ڈیل کا امکان ہے اور اس پر آئندہ چند گھنٹوں میں دستخط ہو سکتے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ایک سینئر اہلکار نے کہا کہ اتوار کی صبح اسرائیل کی جانب سے لبنان پر کی گئی بمباری امریکا سے تجویز کردہ مفاہمت کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور ایرانی عوام اور حکومت اس پر انتہائی مشتعل ہے۔ اس لیے ابھی یہ دیکھنا ہوگا کہ آگے کیا ہوتا ہے۔

تاہم ایرانی وزارت خارجہ ہی کے ایک اور سینئر اہلکار نے اسی سوال کے جواب پر کہا کہ ایران اس وقت شدید مشتعل ہے اور اس وقت بھی خدشات ہیں کہ آخری لمحوں میں اسرائیل کی جانب سے مزید کوئی ایسی تخریبی کارروائی کی جائے جو ڈیل کی راہ میں حائل ہوجائے۔

تاہم اس بات پر کہ آیا آج ڈیل ممکن ہے، ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار نے کہا کہ ڈیل کے امکانات ہیں، اللّٰہ نے چاہا تو ڈیل ہوگی۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *