ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے امریکا پر سخت تنقید کی ہے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ امریکیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ سفارت کاروں کی نہیں بلکہ میزائلوں کی زبان بہتر سمجھتے ہیں۔
ابراہیم رضائی نے ایرانی مسلح افواج خصوصاً پاسداران انقلاب کی بحری اور فضائی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر، ایک فضائی اڈے اور خطے میں موجود دیگر امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی قشم جزیرے کے جنوب میں ایک مواصلاتی ٹاور پر امریکی حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر پر مبینہ امریکی حملے کے بعد اس نے ایک ایسے بحری جہاز کو بھی نشانہ بنایا جسے ایران نے امریکی اور اسرائیلی مفادات سے منسلک قرار دیا۔
تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹکام نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور تمام خطرات کو بروقت ناکام بنا دیا گیا، امریکی حکام کے مطابق کسی امریکی تنصیب پر کامیاب حملہ نہیں ہوا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خلیج میں رات گئے ہونے والی کارروائیوں کی مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے امریکا کو سخت پیغام دیا ہے کہ ایرانی مفادات پر کسی بھی حملے کا جواب پہلے سے زیادہ شدید انداز میں دیا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق گزشتہ شب امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے جواب میں ایرانی بحریہ نے پانایا نامی ایک ایسے بحری جہاز پر میزائل داغے جو امریکی اور اسرائیلی مفادات سے وابستہ تھا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس کے بعد امریکی فوج نے قشم جزیرے پر واقع ایک ایرانی مواصلاتی ٹاور کو بھی نشانہ بنایا۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس کے ردِعمل میں ایرانی فضائیہ نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے خطے میں موجود ایک امریکی فضائی و ہیلی کاپٹر اڈے اور امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔
ایرانی فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ کسی بھی جارحیت کا جواب مختلف اور زیادہ سخت انداز میں دیا جائے گا اور ہم نے اپنے وعدے پر عمل کیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی کہا ہے کہ حالیہ جوابی کارروائیاں امریکا کے لیے سبق ہونی چاہئیں اور خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے امن و استحکام کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
امریکا اور ایران کے آج صبح سویرے پھر حملے، ایک دوسرے پر الزامات، ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران نے امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر، ایئربیس اور ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنایا۔
پاسداران نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی آئل ٹینکر پر حملے کے بعد ایک جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی متاثر کرنے کی قیمت امریکا کو چکانا ہوگی، تاہم سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر اور ایئربیس کو پاسداران کا نشانہ بنانے کا دعویٰ غلط ہے۔
کویت میزائل ڈیفنس
اس دوران کویتی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی دفاع نظام میزائل و ڈرون حملے روکنے میں مصروف ہے، کویت میں دھماکوں کی آوازیں میزائل و ڈرون کو مار گرانے سے آئیں۔
سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایران نے بیلسٹک میزائل ہمسایہ ممالک کی طرف داغے جو ہدف پر نہ لگ سکے، کویت پر داغے گئے دو میزائل راستے میں گر گئے، تاہم روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ ارب ڈالر مالیت کا پیٹریاٹ نظام کویت پرحملہ روکنے میں ناکام رہا۔
روسی میڈیا نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کویتی شہریوں کو شہر پر میزائل حملے کی ویڈیو بناتے ہوئے دکھایا گیا۔
اس دوران ایک گاڑی حادثہ کا بھی شکار ہوئی تاہم دوسری گاڑی میں موجود افراد میزائل حملے کی ویڈیو بناتے رہے۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں امریکی فضائی دفاع نظام میزائل روکنے میں ناکام رہا، میزائل کویت میں غیرفوجی علاقے پر گرا۔
بحرین دفاعی نظام
بحرین میں بھی فضائی دفاع نظام فعال کیا گیا اور سائرن بجائے گئے، سینٹرل کمانڈ کے مطابق بحرین پر داغے گئے تین میزائل امریکا اور بحرین فورسز نے مار گرائے۔
سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران نے تین ڈرون حملے بحری جہازوں پر بھی کیے جنھیں ناکام بنادیا گیا۔
ایرانی جزیرے قشم کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
ایرانی خبر ایجنسی نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے جبکہ کویتی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی دفاع نظام میزائل و ڈرون حملے روکنے میں مصروف ہے۔
کویتی فوج کے مطابق دھماکوں کی آوازیں میزائل و ڈرون کو مار گرانے سے آئیں۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں امریکی فضائی دفاع نظام میزائل روکنے میں ناکام رہا، میزائل کویت میں غیرفوجی علاقے پر گرا۔
روسی میڈیا کے مطابق بحرین میں بھی فضائی دفاع نظام فعال ہوگیا ہے اور سائرن بجنے لگے ہیں۔
اس دوران ایرانی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاسداران انقلاب نے امریکا اسرائیلی کارگو جہاز پر جوابی حملہ کیا ہے۔
قبل ازیں امریکی فوج نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بوٹسوانا کے پرچم بردار آئل ٹینکر کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر ایرانی جزیرے خارگ کی جانب جارہا تھا۔
امریکی محکمہ خزانہ نے ایران سے متعلق نئی پابندیاں عائد کردی ہیں، چار ایرانی شہریوں اور چار کرپٹو ایکسچینجز پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ان کمپنیوں سے لین دین کرنے والے غیرملکی مالیاتی ادارے اور افراد بھی پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔
دوسری طرف ایرانی خبر ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا کے مجوزہ حتمی منصوبے پر اب تک کوئی جواب نہیں بھیجا ہے۔
مہر نیوز کی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی مجوزہ منصوبے پر ایران میں بات چیت جاری ہے، امریکی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایرانی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماضی کے تجربات کی بنیاد پر، ایران ٹھوس اور حقیقی فوائد حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 1 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 97 ڈالرز فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت بھی بڑھ کر 95 ڈالرز فی بیرل تک پہنچ گئی۔
بین الاقوامی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق یو اے ای مربن کی فی بیرل قیمت 96 ڈالرز ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، سپلائی سے متعلق خدشات اور عالمی طلب میں اضافے کے باعث سامنے آئی ہے۔















Post your comments