سپریم لیڈر کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا، امریکی و اسرائیلی قیادت کو سزا ملے گی: سربراہ پاسدارانِ انقلاب

ایران کی پاسدارانِ انقلاب  کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے رہبرِ انقلاب آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو سخت نتائج کی دھمکی دی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق احمد وحیدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا قتل تاریخ کی یادداشت سے کبھی مٹایا نہیں جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کی مکمل فراہمی اور ذمے دار عناصر، خصوصاً بچوں کی قاتل امریکی فوج کو مناسب سزا دینا ضروری ہے۔

احمد وحیدی نے کہا کہ امریکا اور تمام دشمن یہ جان لیں کہ اس بزدلانہ قتل کے ذریعے وہ مزاحمت کا پرچم ہرگز سرنگوں نہیں کر سکتے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہداء کے خون کا بدلہ لینا اور اس کے ذمے داروں کو سزا دینا ایران کا حتمی، جائز اور ناقابلِ فراموش مطالبہ رہے گا۔

ایران نے کہا ہے کہ امریکا سے مذاکرات کے نئے مرحلے کی درخواست نہیں کی۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم نے ثالثوں کا دورہ ایران قبول کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے، ممکنہ طور پر امریکا ایران مذاکرات سوئٹزر لینڈ میں ہوں گے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے ایرانی مالیاتی نیٹ ورکس پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت کی حمایت پر متحدہ عرب امارات کا احتساب ہونا چاہیے۔

کاظم غریب آبادی نے امریکا اور یو اے ای پر ملی بھگت کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ امریکی محکمہ تجارت کی دستاویز میں برآمدات پر کنٹرول کے ضوابط میں نرمی اور امارات کا تجارتی درجہ بھی بڑھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی میں تبدیلی ایران کے خلاف عسکری جارحیت کی حمایت کے بدلے میں کی گئی ہے۔

کاظم غریب آبادی نے واشنگٹن کی دستاویز سرکاری اعتراف اور ابوظہبی کے لیے ایک اسکینڈل قرار دیا اور خبردار کیا کہ ان اقدامات کے قانونی نتائج ہوں گے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *