آبی جارحیت، بھارت کو انتباہ، پانی پر ہاتھ ڈالنے والے کا ہاتھ کاٹ دینگے، عالمی فورم پر بھرپور مقدمہ پیش کریں گے، پاکستان

پاکستان نے آبی جارحیت پر بھارت کو سخت انتباہ کیا ہے، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی پر ہاتھ ڈالنے والے کا ہاتھ کاٹ دینگے، پاکستان کی معیشت، روزگار اور غذائی تحفظ کا بنیادی انحصار پانی اور زراعت پر ہے، اس لیے ملک اپنے آبی حقوق پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کریگا، پاکستان بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے موقف کو موثر انداز میں اجاگر کر رہا ہے اور آئندہ عالمی کانفرنس میں انڈس واٹر ٹریٹی، بین الاقوامی قوانین اور زیریں علاقوں میں واقع ممالک کے آبی حقوق کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا جائیگا، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ہمیشہ کہا ہے کہ پانی ہماری بقا کا معاملہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں وفاقی وزراء نے یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی 40 سے 50 فیصد آبادی کا ذریعہ معاش زراعت ہے جبکہ قومی معیشت کا 20 سے 25 فیصد حصہ بھی زراعت سے وابستہ ہے۔ پاکستان میں 50 فیصد روزگار، 20 سے 25 فیصد معیشت اور سو فیصد فوڈ سکیورٹی کا انحصار پانی اور زراعت پر ہے۔

پاکستان کےمغربی دریاؤں پر بھارت نے 3120میگا واٹ کا ہائیڈرو پاور نیٹ ورک بنا لیا، مزید 7250میگاواٹ کے منصوبوں کی تیاریاں جاری ہیں۔ یہ منصوبے پاکستان کے پانی اور غذائی تحفظ کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کو مختص کیے گئے مغربی دریاؤں پر پہلے ہی 3120 میگاواٹ کا ہائیڈرو پاور (پن بجلی) نیٹ ورک تعمیر کر لیا ہے، اور وہ صرف چناب بیسن پر مزید 7250 میگاواٹ کے منصوبوں کو تیز رفتار سے آگے بڑھا رہا ہے۔ پاکستانی ماہرینِ آب کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے پاکستان میں پانی کے بہاؤ کے وقت کو کنٹرول کرنے کی نئی دہلی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا، جس سے ملک کے پانی اور غذائی تحفظ کے حوالے سے خدشات مزید گہرے ہو جائیں گے۔ سرکاری منصوبہ بندی کی دستاویزات اور شعبہ جاتی ماہرین اشارہ کرتے ہیں کہ بھارت نے مغربی دریاؤں پر مجموعی طور پر تقریباً 20000 میگاواٹ کی صلاحیت کے حامل ہائیڈرو پاور (پن بجلی) کے مقامات کی نشاندہی کر رکھی ہے، اور وہ 23 اپریل 2025کو 1960کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بعد اب ان وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہا ہے۔ معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے کے اہم ترین تزویراتی نتائج میں سے ایک بالائی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں تیزی لانا ہے۔ اس معاہدے نے چھ دہائیوں سے زائد عرصے تک دونوں ایٹمی قوت سے لیس پڑوسیوں کے درمیان سندھ طاس کے پانیوں کی تقسیم کے نظام کو سنبھالا ہوا تھا۔ بھارت کے فعال ہائیڈرو پاور (پن بجلی) منصوبوں میں چناب پر ’’سلال‘‘، ’’دلہستی‘‘ اور ’’بگلیہار‘‘ منصوبوں کے ذریعے تقریباً 1980میگاواٹ،جہلم بیسن پر اڑی-I‘‘ ،’’اڑی-IIʼ ‘‘اور’’ ʼکشن گنگا‘‘ کے ذریعے لگ بھگ 1050 میگاواٹ، اور لداخ میں مرکزی دریائے سندھ پر ’’نیمو بازگو‘‘ اور ’’چٹک‘‘ منصوبوں کے ذریعے مزید 89 میگاواٹ بجلی شامل ہے، جس سے مغربی دریاؤں پر نصب شدہ مجموعی صلاحیت تقریباً 3120 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔

بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر واقع سلال ڈیم سے تقریبا 70 ہزار کیوسک پانی چھوڑے جانے کے بعد سیالکوٹ کے مقام مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کے بہا میں تقریبا 30 ہزار کیوسک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ترجمان محکمہ آبپاشی، آبی ماہرین اور متعلقہ حکام کے مطابق پانی کے بہا میں اضافے کے باوجود صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور دریا تاحال اپنے معمول کے بہا کے اندر ہے، کسی بھی مقام پر درمیانے یا اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ موجود نہیں۔ ترجمان محکمہ آبپاشی کے مطابق، ضلعی انتظامیہ متعلقہ ریسکیو ادارے دریائے چناب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ پانی کی سطح میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *