آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے بعد ایران امریکا مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے: قطر

قطر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان دوحہ میں جاری بالواسطہ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

اس حوالے سے قطر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔

دوسری جانب اس معاملے پر پاکستان کی جانب سے بھی اسی طرح کا مؤقف سامنے آیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کا آنے والے دنوں میں مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

پاکستانی اور قطری ثالثوں کی دوحہ میں امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے پہلوؤں سے متعلق امور پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے، یہ پیشرفت لیک لوزرن سربراہی اجلاس میں ہونے والی پیشرفت کو آگے بڑھاتے ہوئے ہوئی۔

یرانی حکومت نے سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ایران بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق 8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایران کے شہید رہنما سپریم لیڈر علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ابتدائی امریکی حملے میں شہید ہوئے تھے۔

ترجمان ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ تہران میں تعطیل کا مقصد سوگواروں کی تہران سے واپسی کو آسان بنانا ہے۔

گزشتہ روز کمیٹی کے سیکریٹری علی اکبر پور جمشیدیان نے الوادعی تقریبات کے پروگرام کا اعلان کیا تھا۔

علی اکبر پور جمشیدیان کا کہنا تھا کہ 3 جولائی کو دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہان، عہدیداران اور دانشور حضرات شہید رہبر کے جسد پاک کو خراج عقیدت و احترام پیش کریں گے۔ ہفتہ 4 جولائی سے عوامی رسومات کا آغاز ہو گا۔

 شہید رہبر کے آخری دیدار کے لیے امام خمینی کے مصلے کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے۔ 5 جولائی کو تہران میں امام خمینی کے مصلے میں شہید رہبر اور ان کےساتھ شہید ہونے والے اہل خانہ کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

علی اکبر پور جمشیدیان کا کہنا تھا کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق شہید رہبر کا جسد پاک 8 جولائی کو عراق لے جایا جائے گا جہاں نجف اشرف اور کربلائے معلی میں تشیع جنازہ انجام پائے گی۔

شہید ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے اہل خانہ کی تدفین 9 جولائی کو مشہد میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف جولائی کے پہلے ہفتے میں ایران کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف آیت اللّٰہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے۔

دورۂ ایران مکمل کرنے کے بعد وزیرِ اعظم ترکیہ بھی جائیں گے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *