قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
قطر کے شاہی دیوان (امیری دیوان) نے جاری بیان میں شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج صبح انتقال کر گئے۔
امیری دیوان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فیصلے اور تقدیر پر کامل ایمان کے ساتھ، امیری دیوان قوم کے عظیم نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے، اللّٰہ تعالیٰ مرحوم امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔
واضح رہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995ء سے 2013ء تک قطر کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
ان کے دورِ حکومت میں قطر نے معاشی ترقی، سفارتی اثر و رسوخ اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی۔
2013ء میں انہوں نے رضاکارانہ طور پر اقتدار اپنے صاحبزادے موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے حوالے کر دیا تھا۔
شیخ حمد بن خلیفہ کی امن کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: اسحاق ڈار
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ نے قطر اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ کی خطے کے امن کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔















Post your comments