جشن آزادی پر ملک بھر میں شاندار آتشبازی، ملی نغموں کی بہار

جشن آزادی پر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، ولولہ انگیز تقاریب اور ملی نغموں کی بہار ہے۔

اسلام آباد کی ’یادگارِ فتح‘ کی شاندار افتتاحی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں سروسز چیفس، وفاقی وزرا، غیرملکی سفارت کار بھی شریک ہوئے ۔

جشن آزادی پر متوالوں نے پورا ملک سجا دیا ہے، رنگ برنگی روشنیاں، سبز ہلالی جھنڈیاں اور ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے۔

وطن سے محبت میں شہریوں نے خود کو سجایا، گھر کو سنوارا، گلی، محلہ، شہر، ہر جگہ جشنِ آزادی نے سب کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے۔ چودہ اگست کے موقع پر اسپیشل آزادی سفاری ٹرین کراچی سے چھور پہنچ گئی۔

کراچی میں جشن آزادی پر شہر کا رنگ بدل گیا جبکہ اسلام آباد میں رنگوں کی قوس قزح چھا گئی، لاہور میں بھی گلیاں جھنڈیوں سے سج گئي ہیں۔

پنجاب حکومت کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کی تقریب میں معروف گلوکاروں نے رنگ جمایا، کوئٹہ، پشاور اور ملتان سمیت پورا ملک جشن آزادی بھرپور جوش وخروش سے منارہا ہے۔

آج ملک بھر میں 79 واں جشن آزادی انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

ملک کے 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔

پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالیے۔

 ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔

بانی پاکستان کے مزار پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز میں 2 دستے شامل ہیں۔

 اعزازی گارڈز کا ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔

اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تھے۔

اس سے پہلے دن کے آغاز پر لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں21 توپوں کی سلامی کی گئی۔

علاوہ ازیں نماز فجر میں ملک پاکستان کی ترقی، یکجہتی، امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *