ایک کروڑ 40 لاکھ افراد جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اس وقت تک 1 کروڑ 40 لاکھ سے زائد قابلِ فخر ایرانیوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہونے کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ میں خود بھی ایران کے لیے قربانی دینے والوں میں شامل ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔

1 کروڑ 40 لاکھ افراد جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں: ایرانی صدر

دوسری جانب ایرانی دارالحکومت تہران کی فضا میں لڑاکا طیاروں کی پروازیں دیکھی گئی ہیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ رپورٹس کے مطابق تہران میں کم از کم 3 زوردار دھماکے سنے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے صوبے لورستان میں خرم آباد ایئر پورٹ کو امریکی اور اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا، تاہم ہلاکتوں یا زخمیوں کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے بعد ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے مشیر مہدی محمدی نے بھی پیغام جاری کیا ہے۔

مہدی محمدی نے صدر ٹرمپ کو پیغام دیا ہے کہ ٹرمپ کے پاس ایران کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے لیے 20 گھنٹے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے ہتھیار نہ ڈالے تو ان کے اتحادیوں کو پتھر کے زمانے میں بھیج دیا جائے گا، ایران جنگ جیت چکا، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت فوجی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا چاہے تو ایران کو صرف ایک رات میں مکمل طور پر تباہ کر سکتا ہے اور یہ کارروائی منگل کی رات بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب امریکی رکنِ کانگریس یاسمین انصاری نے امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی قرارداد پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔

امریکی رکنِ کانگریس یاسمین انصاری نے کہا ہے کہ امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگستھ کے خلاف مواخذے کے لیے بل پیش کر رہی ہوں، جنگ کا اعلان کرنے کا اختیار صرف کانگریس کو حاصل ہے۔

یاسمین انصاری کا کہنا ہے کہ جنگ کے اعلان کا اختیار صدر یا اس کے قریبی حلقے کو نہیں، امریکی فوجیوں کو خطرے میں ڈالنا مواخذے کے لیے کافی ہے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *