امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات اچھے رہے اور فریق ڈیل کے قریب ہیں۔
ایئر فورس ون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ بہت اچھے مذاکرات ہورہے ہیں۔ ان کے خیال میں جمعہ کو ہوئے مذاکرات کے نتائج اچھے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ اگلے ہفتے کے شروع میں ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران ڈیڑھ سال پہلے کے مقابلے میں اس بار عمل کے لیے کہیں زیادہ تیار ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات عُمان کے دارالحکومت مسقط میں جمعہ کو ہوئے تھے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس سے پہلے دونوں ممالک کے اہلکار اپنے دارالحکومتوں میں مشاورت کریں گے۔
ایران نے عمان مذاکرات کے دوران یورینیم افزودگی روکنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا۔
علاقائی سفارتکار کے مطابق ایران افزودگی کی سطح اور خالصیت یا کسی علاقائی کنسورشیم پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔
تہران کا خیال ہے امریکی مذاکرات کار ایران کے افزودگی سے متعلق مؤقف کو سمجھتے نظر آئے۔
امریکی مذاکرات کاروں نے تہران کے مطالبات پر لچک کا مظاہرہ کیا، مسقط میں جاری مذاکرات میں ایران کی میزائل صلاحیتوں پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
مسقط میں ہونے والے ایران امریکا مذاکرات ختم ہوگئے۔ ترجمان کے ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ فریقین نے مذاکرات کو آئندہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیر خاجہ عباس عراقچی نے کہا کہ مسقط مذاکرات کے دوران ماحول مثبت رہا، ایرانی وفد نے قومی مفادات اور ایرانی قوم کے حقوق پر بات کی۔
انھوں نے کہا کہ فریقین نے مذاکرات کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ مسقط مذاکرات ایک نئی شروعات تھی، موجودہ صورتحال میں اعتماد کی نمایاں کمی ہے جو مذاکرات میں رکاوٹ ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات حالیہ انداز میں جاری رہے تو آئندہ اجلاسوں میں واضح مذاکراتی فریم رکھا جاسکتا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا مذاکرات کےآئندہ مرحلے کی تاریخ کا تعین عمانی وزیر خارجہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔











Post your comments