فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرأت مندانہ قیادت نے ملک کا نام روشن کر دیا۔ قائدین کا خطاب
جہلم ( ) بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر ہم سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان اور جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے آل پارٹیز معرکہ حق بنیان مرصوص سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہم فیلڈ مارشل کی عسکری بصیرت اور جرأت مندانہ فیصلوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وہ ایک دین پسند اور ذہین و فطین سپہ سالار ہیں، قرآن مجید سے محبت کرتے ہیں اور اُمت مسلمہ کی درد رکھنے والے دلیر اور دانشمند فیلڈمارشل ہیں، ان کی قیادت میں ملک نے موجودہ حالات میں اپنی اہمیت و قوت کو منوایا ہے اوردشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، وہ ہمارے دلوں کی دھڑکن اس لیے بھی ہیں کہ اس کامیابی کے بعد سعودی عرب کی حکومت انہیں ”محافظ حرمین شریفین“ کے اعزاز سے نواز دیا ہے۔خطیب جہلم مہتمم جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام مولانا قاری ابوبکر صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی دین پسند سوچ سے عالم کفر خوف زدہ ہے اور ان کے رعب کے چرچے وائٹ ہاؤس تک پہنچ چکے ہیں اور امریکی صدر تک اُن کی شخصیت کے معترف ہیں۔ سابق ایم پی اے مسلم لیگ ن چوہدری سعید اقبال آف بوکن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس معرکہ حق میں فوج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی، فوج اور عوام متحد ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمارے ملک کو زیر نہیں کر سکتی۔مہتمم جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات قاری اظہر اقبال نقشبندی کی نمائندگی کرتے ہوئے سنی کونسل ضلع جہلم کے رہنما قاری محمد ظفر اقبال نقشبندی نے کہا کہ بنیان مرصوص کی کامیابی نے پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا اور مودی کا بیانیہ زمین بوس ہو کر رہ گیا۔ جناب حامد رضا خان بن صوفی محمد اسلم نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت نے ملک کو حالیہ بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور سیاسی و عسکری قیادت کا ایک پیج پر ہونا ملک کے لیے خوش آئند ہے۔ مدیر جامعہ اثریہ للبنات مولانا حافظ احمد حقیق نے کہا کہ پچھلے سال مئی ہی کے مہینے میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے جو دلیرانہ جواب دیا ہے، اس صدمے سے مودی حکومت آج تک نہیں نکل پائی، بھارت کے لوگ ہی اپنے میڈیا کو جھوٹا کہہ رہے ہیں اوربھارت اپنا بیانیہ دنیا میں منوانے اور پھیلانے میں مسلسل ناکام دکھائی دے رہا ہے۔جناب قاسم محمود چوہدری نے کہا کہ اگر ہم اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کی فضا پیدا کر لیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔سینئر نائب صدر پی پی 26 مسلم لیگ ن جہلم مرزا زاہد افضل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ترقی کر رہا ہے اور درست ڈگر پر چل پڑا ہے۔جہلم کے معروف صحافی اور پرنسپل اثریہ ماڈل سکول اینڈ کالج جناب زاہد خورشید نے کہا کہ صحافی برادری بنیان مرصوص کی کامیابی پر پاک فوج کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اہلیان شہر نے معرکہ حق بنیان مرصوص کی یاد میں اس عظیم الشان سیمینار کو بے حد سراہا۔ پروگرام کے انتظامات کو بہتر بنانے میں جامعہ اثریہ کے اساتذہ و طلبا اور اہل حدیث یوتھ فورس ضلع جہلم نے بھرپور محنت کی۔ مدیر امور داخلی جامعہ علوم اثریہ مولانا سعد محمد مدنی نے پروگرام کی نقابت کے فرائض سر انجام دیے،مزید انہوں نے اورمدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی نے پروگرام کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار کیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔مہتمم جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام مولانا قاری ابوبکر صدیق اپنے احباب کے ہمراہ تشریف لائے، جن میں جامعہ حنفیہ کے استاذ الحدیث مولانا عبدالودود، مولانا قاری عطاء اللہ طارق، راجہ ظفر اقبال سابق چیئرمین بلدیہ اور چوہدری شعیب جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران جہلم کے نام نمایاں ہیں۔ پروگرام کے آخر میں شیخ الحدیث جامعہ علوم اثریہ مولانا سیف اللہ اثری نے مختصر خطاب کیا اور ملک و قوم کے لیے رقت انگیز دُعا کی۔
بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر ہم سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔حافظ عبدالحمید عامر کا سیمینار سے خطاب














Post your comments