میرپور والوں کا جذبہ بتا رہا ہے آزاد کشمیر میں شیر آچکا، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جتنی گرمی میں آج میرپور میں لوگ جلسے میں آئے ہیں پورے کشمیر میں شیر کامیاب ہوگا، میرپور والوں کا جذبہ بتا رہا ہے کہ آزاد کشمیر میں شیر آچکا ہے۔ 

انہوں نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے میرپور آزاد کشمیر میں جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ مظفر آباد میں بارش کے باوجود عوام ن لیگ کے جلسے میں موجود رہے، آج میں میرپور نہیں باپ دادا کے گھر آئی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ میرپور میں اچھے گھر بنے ہوئے ہیں لیکن افسوس سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ میرپور میں بھی ترقی کے چراغ جلیں، نواز شریف نے گاڑی میں متعدد بار کہا کہ کتنا خوبصورت خطہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ آپ کا جذبہ بتا رہا ہے کہ کشمیر کے اصل وارث کشمیر آگئے ہیں، آزاد کشمیر انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سب کچھ ہے ایک ہی کمی ہے کہ نواز شریف کی حکومت نہیں، جتنی خطرناک سازشیں نواز شریف کے خلاف ہوئیں عوام کی سپورٹ نہ ہوتی تو ہمارا تو نام ختم ہوچکا ہوتا۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر میں وسائل اور جذبہ کی کمی نہیں، بہترین انفرااسٹرکچر کی کمی ہے، آزاد کشمیر میں سیاحت سے ترقی اور ہر مشکل حل ہو سکتی ہے، آزاد کشمیر کو بہترین اسپتالوں اور سڑکوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہماری کچھ عرصے کی حکومت تھی، تنقید کرنا آسان ہوتا ہے ن لیگ کے سوا کوئی جماعت بتادیں اگر کشمیر میں ایک اینٹ بھی لگائی ہو۔

مریم نواز نے کہا جو سہولتیں ہم پنجاب میں دے رہے ہیں الیکشن جیت کر آزاد کشمیر میں بھی دیں گے، ابھی الیکشن نہیں ہوا اور میں دس الیکٹرک بسوں کا تحفہ میرپور لے کر آئی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دو سال میں دو لاکھ افراد کو اپنی چھت اپنا گھر مل چکا ہے، دیانتداری سے کام کیا جائے تو آزاد کشمیر 5 سال میں پنجاب سے آگے نکل سکتا ہے، آزاد کشمیر میں سیف سٹی اور اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا سوچ سمجھ کر ووٹ دیں کہیں ایسا نہ ہو کہ پھر ترقی کو ترس جائیں، دیگر صوبے کے لوگ کہتے ہیں پنجاب کی وزیراعلیٰ ہمیں دے دیں، کیا پنجاب کے لوگوں نے کبھی کہا ہے کہ دوسرا صوبے کا وزیراعلیٰ ہمیں دیں۔

مریم نواز نے کہا نواز شریف کی خدمات نکال دی جائیں تو کھنڈرات نظر آئیں، آپ نے ن لیگ کو کامیاب کرایا تو وہ ترقی آئے گی جو آپ کےخواب و خیال میں بھی نہ ہو، عوام نے موقع دیا تو آزاد کشمیر کی تقدیر بدل دیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول برخوردار میری بات کا برا نہیں ماننا، نوک جھوک ہونی چاہیے، مار کٹائی نہیں، اس کو کشمور نہیں سمجھنا یہ کشمیر ہے اور یہ میرپور ہے میرپورخاص نہیں۔

میرپور آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کشمیر سے ہمارا مضبوط رشتہ ہے، میرپور خوبصورت شہر ہے آج حال جتنا اچھا ہونا چاہیے تھا اتنا نہیں، میرے جانے کے بعد آزاد کشمیر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔

 نواز شریف نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں میرے بعد آنے والوں نے کشمیر کیلئے کیا کیا؟ میں آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا نہیں پہلا گھر سمجھتا ہوں، میں آج آزاد کشمیر کے لیے منشور بھی ساتھ لے کر آیا ہوں، بتائیں اگر ن لیگ کے سوا کسی نے آزاد کشمیر کیلئے کچھ کیا ہو؟ پاکستان اور آزاد کشمیر کے ہر منصوبے پر ن لیگ کی مہر نظر آئے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیم دینا ہے، آزاد کشمیر میں بھی کینسر اور دل کے امراض کے بے شمار اسپتال بننے چاہئیں، مریم یہاں پر جدید ترین الیکٹرک بسیں آپ کے لیے لے کر آئی ہیں، 10 موبائل اسپتال بھی لے کر آرہی ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو کشمیر میں موٹرویز بنائیں گے، مری سے مظفرآباد تک ایکسپریس ویز بنائیں گے، آپ نے مسلم لیگ ن کو کامیاب کروایا تو کشمیر کے چپے چپے خود جاؤں گا، میرپور کے گھر گھر میں گیس کی سہولت ہوگی، شہباز شریف سے کہوں گا کہ میرپور میں بین الاقوامی ایئرپورٹ ہونا چاہیے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *