ثناء میر نے ویمن ٹیم پر تنقید کرنیوالوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء سے باہر ہونے پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ثناء میر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہیں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم پر صنفی بنیاد پر ہونے والی تنقید پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے اعتراف کیا ہے کہ ہماری ویمن کرکٹ ٹیم ہماری توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر سکی لیکن ہمیں ہر ایک کو اس بات پر قائل کرنے میں کئی سال لگے کہ پاکستان کی لڑکیوں میں بہت دم ہے، وہ اپ سیٹس کر سکتی ہیں، ویمن کرکٹ ٹیم نے بڑے ایونٹس میں کئی اہم میچز جیتے، کچھ سیریز بھی جیتیں، ہر طرح کے حالات میں ہم نے پرفارم کر کے دکھایا۔

ثناء میر نے کہا کہ میں انفرااسٹرکچر، کنٹریکٹس اور ڈومیسٹک کرکٹ کے بارے میں مسائل تو اٹھاتی رہتی ہوں اور مستقبل میں بھی اس بارے میں بات کرتی رہوں گی لیکن اس سے پہلے ویمن کرکٹرز کے بارے میں لوگوں کی ذہنیت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات سے شدید تکلیف ہوئی کہ جب ہم لڑکیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں، کس طرح کی زبان کا استعمال کرتے ہیں اور ہم ان کے اعتماد کس حد تک توڑنا چاہتے ہیں؟ جب تک ہم اس سوچ کو نہیں بدلیں گے ہم کسی بڑے مقام پر نہیں پہنچ پائیں گے۔

ثناء میر نے کہا کہ لڑکیوں کو صنفی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیا ہماری مینز کرکٹ ٹیم کبھی ورلڈ کپ نہیں ہاری؟ کیا ان کی کارکردگی کبھی خراب نہیں ہوئی؟ کیا آج تک کبھی کسی خاتون کرکٹر نے مرد کرکٹر کے بارے میں کہا ہے کہ وہ تندور پر روٹی اچھی لگاتا ہے اور اسے تندور پر روٹی ہی لگانی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسان کا بات کرنے کا کوئی طریقہ ہوتا ہے، خواتین کرکٹرز بھی آپ کے ملک کا حصّہ ہیں، آپ کی ساتھی کرکٹرز ہیں، ان کے پاس بھی دماغ ہے، قابل ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو ثابت بھی کر چُکی ہیں۔

ثناء میر نے یہ بھی کہا کہ آپ لڑکیوں کی اے آئی ویڈیوز بنا کر جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں، موجودہ مائنڈ سیٹ سے ہم لڑکیوں کو دبا رہے ہیں، میری یہ گزارش ہے کہ آپ تنقید ضرور کریں لیکن تنقید برائے اصلاح کریں۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *