وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
الگ الگ بیانات میں وزیراعظم اور صدر نے گزشتہ 72 گھنٹے میں 27 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیے جانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
شہباز شریف اور آصف زرداری نے شہید سیف اللّٰہ داوڑ کے قاتلوں کے خلاف کے خلاف کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں اہم پیشرفت قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادرسیکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے، فتنہ الخوارج اور ان کے سرپرستوں کے ناپاک عزائم ہرقیمت پر ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسزکی کاروائیاں جاری رہیں گی، عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کےخلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنی بہادرسیکیورٹی فورسزکے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 72 گھنٹوں میں فتنہ الخوارج کے 27 دہشت گرد ہلاک کردیے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے میر علی اور میران شاہ میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں پر کارروائیاں کی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ عناصر متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بےگناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گروہ کی ہلاکت سے میران شاہ میں ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللّٰہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ کا بدلہ بھی لے لیا گیا، اس گھناؤنے جرم کے مرتکب عناصر کو انجام تک پہنچادیا گیا۔
علاقے میں چھپے مزید خوارج کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے مطابق کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔















Post your comments