این ڈی ایم اے کا بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال سے متعلق الرٹ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 تا 15 جون بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث ندی نالوں اور برساتی آبی گزرگاہوں میں اچانک طغیانی کا امکان ہے، چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ میں مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جبکہ گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیاح اور مسافر شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہنگامی ٹیمیں اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی۔

12 تا 15 جون گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا الرٹ بھی جاری ہے۔ الرٹ کے مطابق قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ہے، عطا آباد ٹنل، شِمشال، خپلو اور مشرقی بلتستان کے علاقوں میں پہاڑی ڈھلوانوں سے لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری رسپانس کےلیے الرٹ رہنے اور ضروری مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ سندھ کے اکثر اضلاع میں 12 جون تک درمیانی سے شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق اس دوران کراچی میں بھی موسم شدید گرم اور پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ شہر میں آج پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں جنوب مغرب سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجۂ حرارت 30.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

دوسری جانب ماہرینِ صحت نے کراچی میں شدید گرمی کے دوران بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی بڑھتے ہی مختلف قسم کے انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

طبی ماہرین نے کراچی کے شہریوں کو گرمی کے موسم میں باہر کے کھانے اور مشروبات سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر معیاری مشروبات اور کھانوں سے معدے کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو مزید مشورہ دیا ہے کہ ہلکے کپڑے پہنیں، باہر نکلتے وقت سر ڈھانپ لیں اور پانی ابال کر پیئیں۔

طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ جلد کو صاف اور خشک رکھیں تاکہ دانوں اور الرجی سے بچا جا سکے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *