ایران کے جزیرے قشم اور سیرک میں متعدد دھماکے

ایران کے جزیرے قشم اور سیرک میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں۔

ایران کی سرکاری میڈیا کے مطابق سیرک کے کئی علاقوں کو پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق میناب میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، مقامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ آوازیں سمندر کی جانب سے آئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے حملے کرکے ایران کے 5 آئل ٹینکر تباہ کئے تھے۔

ایران نے خلیج فارس میں دو امریکی جنگی جہازوں اور 8 آئل ٹینکرز اور ہرمز کے ممنوعہ علاقے سے گزرنے کی کوشش پر 10دیگر جہازوں کو نشانے بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ میں مزید شدت کے واضح اشارے ملنے لگے ہیں۔ 

عرب میڈیا پر شائع ایک تجزیاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خلیجی اور خطے کے رہنما جو ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے تھے، ایک بار پھر حملوں اور جوابی کارروائیوں کے بڑھتے سلسلے پر متحرک ہو گئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتِ حال میں نمایاں فوجی کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں اردن کے الازرق فوجی اڈے پر ’تباہ کن میزائل حملہ‘ کیا گیا ہے۔

ایرانی دعوے کے مطابق حملے میں ایف-35، ایف-16 اور ایف-15 جنگی طیاروں کی مرمت اور تعیناتی کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا تاہم اردن کی فوج نے اس دعوے کے برعکس کہا ہے کہ اس نے 20 بیلسٹک میزائلز میں سے 18 کو فضا میں تباہ کر دیا تھا جبکہ 2 میزائل کھلے علاقوں میں گرے جس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے 2 جنگی جہازوں، 2 دیگر امریکی بحری جہازوں اور 8 تیل بردار ٹینکروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فریقین کے متضاد دعوؤں کے باوجود خطے میں صورتِ حال تیزی سے بگڑنے کے اشارے مل رہے ہیں اور آنے والے دنوں اور ہفتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان مزید حملوں اور جوابی کارروائیوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت وائٹ ہاؤس عہدیداروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نجی طور پر خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع ان کی صدارت کے بقیہ عرصے تک جاری رہ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران سے جنگ مڈٹرم انتخابات بعد ہی ختم ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *