خیبر پختون خوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اگست کو بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 7 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرام شہید ہو گئے، کیپٹن حمزہ اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے خوارج کا مسلسل تعاقب کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، ہلاک خوارج متعدد شہریوں کے قتل اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ علاقے میں دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں قوم کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدرِ کا جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ کو خراج عقیدت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہنگو میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادرِ وطن اپنے اس دلیر سپوت کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ قوم بہادر سپوتوں کی وطن کے لیے لازوال قربانیوں کی مقروض ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے آپریشن رَد الفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے علاقے کمبیلہ اور عاصم آباد میں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کمبیلہ اور عاصم آباد میں سرچ اینڈ سینی ٹائزیشن آپریشن کر کے 68 مربع کلو میٹر کا علاقہ بھی کلیئر کرا لیا گیا۔
کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور 2 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
اس کارروائی میں زخمی ہونے والے 4 دہشت گردوں میں سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے، سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 12 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کر کے فتنہ الہندوستان کے جھنڈے ہٹا دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختون خوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔














Post your comments