پاکستان 1955ء کے بعد پہلی بار ورلڈ کسٹم آرگنائزیشن کے پالیسی کمیشن کا رکن منتخب ہو گیا، 32 رکنی کمیشن کے لیے ایک طویل عرصے کے بعد پاکستان نے یہ کامیابی ایشیاء پیسیفک ریجن سے حاصل کی ہے۔
پاکستان کا انتخاب 2026ء سے 2028ء کی مدت کے لیے ہانگ کانگ میں ہونے والے ریجنل ہیڈ آف کسٹمز اجلاس کے دوران کیا گیا۔
ورلڈ کسٹم آرگنائزیشن دنیا بھر میں کسٹمز معاملات کا سب سے اہم عالمی ادارہ ہے جس کی بنیاد 26 جنوری 1953ء کو رکھی گئی تھی اور اس وقت اس کے 187 ممالک رکن ہیں۔
پالیسی کمیشن کو ادارے کا اہم ترین شعبہ تصور کیا جاتا ہے جہاں عالمی کسٹمز پالیسیوں اور فیصلوں میں کلیدی کردار ادا کیا جاتا ہے۔
پاکستان اس عالمی تنظیم کے ابتدائی 17 بنیادی اراکین کے بعد 18 واں رکن تھا تاہم پالیسی کمیشن میں یہ اس کی پہلی نمائندگی ہو گی۔
برسلز میں قائم ورلڈ کسٹم آرگنائزیشن ہیڈکوارٹر میں پاکستان کی نمائندگی سید اسد رضا رضوی کر رہے ہیں جن کی قیادت میں گزشتہ 2 سال سے اس انتخاب کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں جاری تھیں۔
بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی کی تعیناتی کے بعد پاکستان نے مؤثر سفارتی لابنگ کی جس کے نتیجے میں یہ اہم کامیابی حاصل ہوئی۔















Post your comments