ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور فتنہ الخوارج کے مقابلے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور فورسز کے 6 سپوت شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور 4 جوانوں سمیت 6 بہادر سپوت شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 23 سال کے کیپٹن ابوذر فاروق شہید کا تعلق گوجرانوالہ اور 22 سال کے لیفٹیننٹ شیراز بابر کا تعلق چکوال سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر نے اپنے دستے کی فرنٹ سے قیادت کرتے ہوئے جام شہدات نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود ممکنہ دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ہنگو میں خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید پاک فوج کے جوانوں کی نمازِ جنازہ پشاور میں ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور، گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
ہنگو میں خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوئے تھے۔
شہداء میں کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر، سپاہی شکیل احمد، سپاہی حمزہ، سپاہی محمد عثمان عزیز اور نان کمبیٹنٹ غلام سجاد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کے جسدِ خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے ہیں، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دفاعِ وطن کے لیے شہداء کی لازوال قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔















Post your comments