ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی طور پر تیار کئے گئے ڈوڈل کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کردیا۔
دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سرچ انجن گوگل گزشتہ ایک دہائی سے ہر سال 14 اگست کو اپنا ہوم پیج پاکستانی پرچم سے سجاتا آ رہا ہے۔
اس سال کے ڈیزائن میں پاکستان کا سبز و سفید قومی پرچم آسمانی نیلے پس منظر میں نمایاں طور پر لہراتا دکھائی دیتا ہے، جبکہ اس کے پس منظر میں بادلوں جیسی تحریر میں گوگل لکھا گیا ہے۔
مجموعی منظرنامہ ایسے تاثر کو اجاگر کرتا ہے جیسے قومی پرچم بادلوں کے اوپر بلند ہو کر لہرا رہا ہو۔
14 اگست کا یہ ڈوڈل پاکستانی آئی پی ایڈریسز سے گوگل پر سرچ کرنے والے صارفین کے ہوم پیج پر دکھائی دیتا ہے اور بعض اوقات ایسے دیگر خطوں میں بھی نظر آتا ہے جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔
گوگل نے گزشتہ برسوں کے دوران یومِ آزادی کے علاوہ بھی مختلف ڈوڈلز کے ذریعے پاکستانی ثقافت اور نمایاں شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ان میں لیجنڈری قوالی گائیک نصرت فتح علی خان، معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی سمیت دیگر قومی شخصیات شامل ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔














Post your comments