پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے بھی بارش کے بعد لاہور کے ڈی ایچ اے میں جمع گھٹنوں گھٹنوں پانی سے پریشان ہو کر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے شکوہ کر ڈالا۔
رابی پیرزادہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے گھر کے قریب کھڑے پانی کی ویڈیو بنا کر شیئر کر دی۔
انہوں نے ویڈیو میں مریم نواز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مریم نواز صاحبہ! یہ میں اپنے گھر میں کھڑی ہوں جو کہ لاہور کے مہنگے ترین علاقے میں آتا ہے اور یہ ڈی ایچ اے فیز ون ہے۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ میرے آفس اور میرے اسکول کے اندر بہت نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ شعیب صاحب جن سے آپ ساری انفارمیشن لیتی ہیں وہ پتہ نہیں کس علاقے میں رہتے ہیں، لیکن ڈی ایچ اے کا حال تو بہت خراب ہے، مجھے نہیں پتہ وہ 960 گاڑیاں کہاں کام کر رہی ہیں۔
رابی پیرزادہ نے ویڈیو شیئر کرنے کے بعد کمنٹ سیکشن میں یہ وضاحت بھی دی کہ یہ ویڈیو ڈی ایچ اے میں ضرور ریکارڈ ہوئی ہے، مگر بارش کے بعد تقریباً پورے لاہور کا یہی حال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو کا مقصد کسی مخصوص علاقے یا ادارے پر تنقید کرنا نہیں، بلکہ اربابِ اختیار تک عوام کی مشکلات پہنچانا ہے تاکہ بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
رابی پیرزادہ نے یہ بھی لکھا کہ لاہور کے شہری بہتر نظامِ نکاسی، محفوظ سڑکوں اور فوری انتظامی کارروائی کے مستحق ہیں۔














Post your comments