شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر چولپون آٹا میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بیلاروس کے وزیرِ خارجہ مسٹر میکسم ریزنکوف سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے 9 ویں اجلاس کے انعقاد کا خیر مقدم کیا گیا جو 11 تا 12 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔
دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطح کے باہمی تبادلوں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں اقتصادی، تجارتی، دفاعی، زرعی، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ جامع تعاون کے روڈ میپ پر عمل درآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر بیلاروس کے وزیرِ خارجہ نے امریکا اور ایران کی صورتحال کے دوران مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیرِ خارجہ سراج الدین سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور قریبی تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، روابط، توانائی، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح پر مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
تاجک وزیرِ خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی مسائل کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل کاوشوں کی تائید کی۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور تاجک وزیرِ خارجہ نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔















Post your comments