انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے ملزم سعد عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں آئی جی علی ناصر رضوی نے کہا کہ ملزم خاتون کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا، خاتون بضد تھی کہ میں کسی اور جگہ نہیں جاؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملزم سعد عباسی اور خاتون ساتھ کام کرتے تھے، گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید نے خاتون کو ملزم سے بچایا۔
آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ صبح 11 بج کر 21 منٹ پر گروپ کپٹن عاصم کو شہید کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیس ہمارے لیے اہم اور چیلنجنگ تھا۔ حاضر سروس گروپ کیپٹن کا فائرنگ میں شہید ہونا تشویش ناک تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم اور خاتون کھنہ کے علاقے میں رہتے اور ایک ساتھ ڈیوٹی پر آتے تھے۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے قتل کے ملزم کو 9 گھنٹے میں گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد پولیس نے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے ایریا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے نائنتھ ایونیو پر ایئرفورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم طارق خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوئے۔
پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نے گزرتے ہوئے دیکھا موٹر سائیکل سوار ایک خاتون کا ہاتھ کھینچ رہا تھا، گروپ کیپٹن عاصم واپس آئے تو لڑکی ان کی طرف آگئی۔
ملزم سعد نے گروپ کیپٹن عاصم سے بدکلامی کی اور پھر فائر کردیا، جس سے گروپ کیپٹن عاصم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ ملزم موقع واردات سے فرار ہوگیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کی۔















Post your comments