کویت میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں میں ایک بھارتی شہری ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
کویتی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل سعود العطوان نے کہا ہے کہ آج میزائلوں اور ڈرون حملوں کے باعث کویت میں 5 مرتبہ جنگی سائرن بجائے گئے۔
کویت سٹی سے جاری بیان میں ترجمان نے مزید کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے ایران کے 13 میزائل اور 17 ڈرون کی نشاندہی کی۔
کویتی حکام کے مطابق تباہ کیے گئے میزائلوں اور ڈرون کے رہائشی علاقوں پر گرنے سے نقصانات ہوئے، ایرانی میزائلوں اور ڈرون نے شہری اور حساس تنصیبات اورایئر پورٹ کو نشانہ بنایا۔
کویتی حکام کے مطابق میزائل اور ڈرون حملوں میں ایک بھارتی شہری ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق جنگ کے آغاز سے کویت پر 869 ڈرون طیاروں، 372 بلسٹک میزائلوں اور 15 کروز میزائل حملے کیے جاچکے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جو کچھ پابندیوں اور جنگ سے حاصل نہیں ہوا، وہ مزید جنگ سے بھی حاصل نہیں ہوگا۔
اپنے بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایرانی افواج امریکیوں کے زیر استعمال مقامات پر دفاعی کارروائیاں کر رہی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی دشمنی کے اقدام کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کے دعوے کیے جارہے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ رابطے منقطع نہیں ہوئے لیکن مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہے۔
لبنانی چینل کو انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل بیروت پر حملہ کرے گا تو ایران فیصلہ کن جواب دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا تبادلہ کیے گئے متن کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایران نے کویت کے ہوائی اڈے پر حملہ نہیں کیا۔
ترجمان پاسداران انقلاب نے کہا کہ ہوائی اڈے پر تباہی ایرانی میزائل روکنے کے دوران امریکی دفاعی نظام میں خرابی کے باعث ہوئی۔
سینٹرل کمانڈ نے ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب کے بیان کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کویت ایئرپورٹ کو امریکی میزائل انٹرسیپٹر سے نقصان نہیں پہنچا ہے۔
کویتی وزارت خارجہ کی ایران کے ڈرون، میزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور ایرانی سفارتی عملے میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
ایرانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا ہے، دو ایرانی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر چوبیس گھنٹوں میں کویت چھوڑنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔















Post your comments