وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر محدود نوعیت کی کارروائیاں کی ہیں، ان کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 26 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ انٹیلیجنس اطلاعات پر دہشت گرد کیمپوں اور محفوظ ٹھکانوں کو انتہائی درستگی اور احتیاط سے نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران 4 اہم اہداف مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، تباہ کیے گئے اہداف میں ایک تربیتی مرکز، ایک خفیہ ٹھکانہ اور اسلحہ کا ذخیرہ شامل تھے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ خارجی کمانڈر علیم خان خوشحالی اور کمانڈر اختر محمد جانی خیل کے مراکز نشانہ بنائے گئے، گزشتہ روز دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں پاکستان میں مختلف حملوں کے جواب میں کی گئیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں 9 جون کو موسیٰ درہ میں فیڈرل کانسٹیبلری کی چوکی پر دہشت گرد حملہ ہوا، 2 جون کو شمالی وزیرستان میں ایک فوجی چوکی پر گاڑی میں نصب خودکش بم حملہ ہوا، 9 مئی کو بنوں کے ایک پولیس اسٹیشن پر خودکش حملہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں رہا ہے، اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، ملک سے بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خضدار کے علاقے نال ایریا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن اور بینکوں پر حملے کا منصوبہ تھا۔ ان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے فوری اور تیز آپریشن کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت موثر طور پر روکی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی یافتہ 14 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال 4 گاڑیاں اور آئی ای ڈیز بھی تباہ کر دی گئیں۔ آپریشن میں وطن کے بہادر سپوت لانس حوالدار محمد عباس نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود کسی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔















Post your comments