سوئٹزر لینڈ کی وزارتِ خارجہ نے امریکا اور ایران مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سوئٹزر لینڈ کے معروف سیاحتی مقام برگن اسٹاک میں ہونے کی تصدیق کر دی۔
سوئس وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ فریقین اور ثالثوں کی تجویز پر ملاقات برگن اسٹاک میں رکھی ہے، سوئٹزر لینڈ اس عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ترک خبر رساں ادارے کو ترجمان وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ سوئٹزر لینڈ گزشتہ کئی دنوں سے امریکا، ایران، پاکستان اور قطر کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات کے لیے سوئٹزر لینڈ عملی اور سفارتی ماحول فراہم کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ معاہدے پر دستخط پاکستان کی میزبانی میں ہوں گے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کل سوئٹزر لینڈ روانہ ہوں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سالگرہ پر ایران کے تاریخی ڈیل کرنے کی اہم معلومات سامنے آ گئیں۔
14 اور 15 جون کی درمیانی شب ڈیل پر الیکٹرونک دستخط کا پس منظر یوں ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی سالگرہ پر امریکا اور ایران کی ڈیل کا مخمصہ ثالثوں کی تدبیر سےحل ہوا۔
ذرائع کے مطابق ثالثوں نے ڈیل پر دستخط کے لیے امریکا اور ایران دونوں کے لیے قابلِ قبول حل نکالا، دونوں ملکوں کے درمیان ساڑھے7 گھنٹے کا فرق ڈیل کے لیے استعمال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیل کا اعلان کرنے کے لیے ایران میں 15جون کی تاریخ شروع ہونے کا انتظار کیا گیا۔
ایران میں 15جون شروع ہونے پر پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور امریکا کے صدر ٹرمپ نے ڈیل کا اعلان کیا۔
ذرائع کے مطابق ثالثوں نے ایران کو باور کرایا تھا کہ التواء کا فائدہ اسرائیل اٹھا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ 80 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کی سالگرہ 14 جون کو ہوتی ہے۔














Post your comments