سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے مارب، الجوف اور تعز میں متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔
یمنی ٹی وی کے مطابق الجوف کے ضلع خب والشعف میں 5، مارب کے علاقے صرواح میں 10 اور تعز میں 5 فضائی حملے کیے گئے ہیں۔
صعدہ کے سرحدی ضلع غمر میں بھی سعودی فورسز نے بمباری کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے تاحال حملوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔
علاوہ ازیں سعودی سول ڈیفنس نے خطرے سے خبردار کرنے کے لیے الرٹ جاری کر دیے ہیں۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق سعودی شہر خمیس مشیط میں خطرے سے خبردار کرنے کے لیے الرٹس جاری کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ روز سعودی عرب میں یمن کی حوثی جماعت انصار اللّٰہ کے حملوں میں 73 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
بعد ازاں سعودی اتحادی فورس نے بھی حوثیوں کو سخت جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی اتحادی فورس کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے سعودی شہروں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا، حوثی حملوں کا سخت جواب دیں گے۔
سعودی کابینہ نے حوثی ملیشیا کے مسلسل جارحانہ رویے اور مجرمانہ اقدامات کو مسترد کر دیا۔
سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں خطے کی تازہ صورتِ حال اور حوثی حملوں پر غور کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق اجلاس میں خود مختاری کے دفاع، شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ اور قومی اثاثوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے حوثی حملوں میں زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
سعودی کابینہ نے حوثی ملیشیا کے شہری اور اقتصادی اہداف پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں یمن کی حوثی جماعت انصار اللّٰہ کے حملوں میں 73 افراد زخمی ہوئے تھے۔
سعودی اتحادی فورس کے مطابق زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، حوثیوں نے سعودی شہروں ابہا، خمیس، مشیط، نجران اور جازان میں حملے کیے۔














Post your comments