بانیٔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال سے واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو کو شفا اسپتال سے اڈیالہ جیل انتہائی سخت سیکیورٹی میں لایا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اڈیالہ جیل واپس منتقلی کے بعد بانی پی ٹی آئی کو ان کے سیل میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل عمران خان کو سخت سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
عمران خان کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے قبل آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ اسپتال کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
سلام آباد پولیس نے شفا اسپتال آنے اور جانے والے راستے ٹریفک کےلیے بند کیے ہوئے تھے۔
شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے، بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کیا جائے گا، 6 ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرے گی، چیک اپ کے بعد بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں داخل کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی کو ایڈمٹ کرنے کی صورت میں بھی خصوصی اقدامات مکمل کرلیے گئے تھے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے بانی پی ٹی آئی کو بیرونِ ملک بھیجنے کا امکان بھی ظاہر کیا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔گزشتہ روز سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے خلاف دائر نظر ثانی درخواست بعض اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔














Post your comments