گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
کئی پولنگ اسٹیشن کے باہر لوگوں کا رش لگ گیا جبکہ کئی مقامات پر پولنگ کے آغاز سے پہلے ہی قطاریں لگ گئیں اور خواتین ووٹرز بھی پولنگ میں شریک ہیں۔
دن کے وقت استور کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ سست روی کا شکار رہی جبکہ گورنمنٹ گرلز ماڈل اسکول عیدگاہ میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر بے نظمی بھی ہوئی۔
جی بی اے 10: 2 جماعتوں کے حامیوں میں تکرار
جی بی اے 10 کے پولنگ اسٹیشن تلوکی پر 2 جماعتوں کے حامیوں میں تکرار ہوئی، غیرمتعلقہ افراد کے پولنگ اسٹیشن کے قریب آنے پر تکرار ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی اضافی نفری نے صورتِ حال پر قابو پا لیا۔
24 نشستوں پر 400 سے زائد امیدوار قسمت آزما رہے ہیں جبکہ 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں 1391 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 488 نارمل، 349 حساس اور 551 انتہائی حساس قرار پائے ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات میں مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، 396 مرد امیدوار جبکہ 8 خواتین امیدوار انتخابی میدان میں اتری ہیں۔
پیپلز پارٹی 23 امیدوار، ن لیگ 22، استحکامِ پاکستان پارٹی 15، پاکستان مسلم لیگ11، جے یو آئی ف کے 9 امیدوار میدان میں ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم 7، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6 ،6 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی مختلف حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔














Post your comments