ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے کیریئر کا 900واں گول اسکور کر کے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اب وہ مردوں کے ایلیٹ فٹبال کلب میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
38 سالہ میسی نے یہ سنگِ میل انٹر میامی کی جانب سے انٹر میامی سی ایف کے لیے کھیلتے ہوئے نیش وِل ایس سی کے خلاف کونکاکاف چیمپئنز کپ کے میچ میں گول کر کے حاصل کیا۔ میچ 1-1 سے برابر رہا۔
یہ گول میسی کے 21 سالہ کیریئر کا 900واں گول ہے۔ اسٹار فٹبالر نے 2005ء میں 17 برس کی عمر میں ایف سی بارسیلونا کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنا پہلا گول کیا تھا۔
انٹر میامی کے کوچ ہاویئر ماسچرانو نے میسی کی کارکردگی کو ناقابلِ یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جس کا تصور بھی مشکل ہے، اور یہی وجہ ہے کہ لیو منفرد ہیں۔
میسی نے یہ کارنامہ اپنے 1142ویں میچ میں انجام دیا، جو کرسٹیانو رونالڈو کے مقابلے میں تقریباً 100 میچز کم ہیں۔ رونالڈو نے ستمبر 2024ء میں 1236 میچز میں یہ حد عبور کی تھی اور اب وہ 965 گولز کے ساتھ فہرست میں سرفہرست ہیں، جبکہ ان کا ہدف 1000 گولز مکمل کرنا ہے۔













Post your comments