عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔

 آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر امریکا اور ایران کے تازہ حملوں کے بعد عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں طویل تعطل کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق آج ابتدائی کاروبار میں برینٹ خام تیل کی قیمت 0.54 فیصد اضافے کے بعد 96.80 ڈالرز فی بیرل ہو گئی۔

ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 0.72 فیصد بڑھ کر 92.14 ڈالرز فی بیرل پر پہنچ گئی۔

رائٹرز کے مطابق گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 7.8 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز سے تیل کی آمد و رفت بھی نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔

28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 30 فیصد سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔

ایران نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے نقشوں پر عمان سے اتفاق ہوگیا ہے۔

ایران اور عمان کے درمیان دستخط آئندہ چند روز میں ہوں گے۔

ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کےسیکرٹری محسن رضائی نے ایک بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کے باہر پابندی والے زون کا آئندہ چند روز میں اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیا زون امریکی ناکہ بندی کی لائن سے شروع ہو کر خلیج تک پھیلے گا۔

محسن رضائی کا کہنا تھا کہ نئے زون میں داخل ہر بحری جہاز کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔

ایران میں حکومت نے زیادہ پیٹرول استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔

ترجمان ایرانی حکومت فاطمہ مہاجرانی کا کہنا ہے کہ 8 ستمبر سے ماہانہ 110 لیٹر پیٹرول سے زیادہ کے استعمال کے بعد فی لیٹر پیٹرول 10 ہزار تومان کا ملے گا جو پہلے 5 ہزار میں دستیاب تھا۔

حکام کے مطابق 110 لیٹر تک ماہانہ پیٹرول استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔

ایران میں 60 لیٹر پیٹرول کی قیمت 1500 تومان اور اگلے 50 لیٹر کی قیمت  3 ہزار تومان ہے۔ ایک تومان 10 ایرانی ریال کے برابر ہو تا ہے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *