وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان مضبوط اور اس کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
انہوں نے یوم دفاع اور شہدائے پاکستان کے حوالے سے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاک فوج نے ثابت کیا کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں، ایمان و یقین سے جیتی جاتی ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پاک فوج کے افسران، جوان، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کی سلامتی کے لیے دعا گو ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا ہے کہ آپریشن رد الفساد میں فوج نے پیشہ ورانہ مہارت کے نئے معیار قائم کیے اور آج وطنِ عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر وطن کے دفاع کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور سندھ کے بہادر سپوتوں کا کردار تاریخ کا روشن باب ہے۔
انہوں نے یوم دفاع کے حوالے سے پیغام میں کہا ہے کہ قومی ہیروز کی بہادری پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ملکی سلامتی، خود مختاری کے لیے جان دینے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور آج کا دن دفاعِ وطن کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سندھ کے لوگ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا ہے کہ قوم کو اتحاد، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔














Post your comments