لاہور میں صبح سویرے شروع ہونے والا مون سون کا دوسرا اسپیل اب تھم گیا۔
ترجمان واسا کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر ابھی تک سب سے زیادہ بارش 263 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان واسا نے بتایا ہے کہ تاج پورہ میں 157.4، کاہنہ میں 143، مغل پورہ میں 133 اور مناواں میں 112.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
ترجمان واسا کے مطابق شادی پورہ میں 136، مال روڑ پر 116، جوہر ٹاؤن میں 81 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گوجرانوالہ میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور ساتھ ہی شہر بھر میں نکاسیٔ آب کا عمل بھی جاری ہے۔
لاہور سے منگوائی گئی اضافی مشینری نکاسیٔ آب میں مصروف ہے، گزشتہ روز شہر کی اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کلیئر کر دی گئی تھیں جب کہ متاثرہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کا کام سے جاری ہے۔
دوسری جانب گلگت کے شہر کنوداس میں گزشتہ رات بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔
طغیانی آنے کی وجہ سے کنوداس کے علاقے مرکز کالونی میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔
دریائے راوی اور معاون ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی صورتِ حال کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
محکمۂ آبپاشی کے مطابق دریائے راوی میں کوٹ نیناں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 17 ہزار 500 کیوسک اور جسڑ کے مقام پر 24 ہزار 940 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمۂ آبپاشی نے بتایا ہے کہ نالہ اوج جلالہ میں پانی کا بہاؤ 7 ہزار 200 کیوسک، نالہ بسنتر میں 5 ہزار 386 کیوسک جبکہ نالہ ڈیک کنگرہ میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 5 ہزار 141 کیوسک ہے۔
محکمۂ آبپاشی کے مطابق نالہ بئیں شکر گڑھ میں پانی کا بہاؤ 1ہزار407 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایم ڈی واسا کاشان حفیظ کا کہنا ہے کہ گجرات میں مون سون سے قبل کیے گئے حفاظتی اقدامات کے باعث شہر کو ممکنہ سیلاب سے بچالیا۔
انہوں نے کہا کہ مہسم موڑ اور فتح پور روڈ پر 3 کلومیٹر حفاظتی ڈرین کا منصوہہ کامیاب رہا۔
ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ بارش کے پانی کا رُخ نالہ ہلسی کی جانب موڑ دیا گیا، قدرتی گزر گاہوں کی طرف پانی کی منتقلی سے شہری آبادی محفوظ رہی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق 2 ارب روپے کے منصوبے کے تحت 4 حفاظتی ڈرینز تعمیر کی گئیں۔















Post your comments