امریکی ایوان نمائندگان نےصدرٹرمپ کو ایران میں مزید فوجی کارروائی سے روکنے کیلئے قرارداد منظور کرلی ‘208کے مقابلے میں یہ قرار داد 215 ووٹوں سے منظور ہوئی‘4ریپبلکن ارکان نے بھی ڈیموکریٹس کا ساتھ دیتے ہوئے امریکا کی ایران کی خلاف جنگ کی مخالفت کی۔ دوسری جانب ٹرمپ نے ایران جنگ اور صدر کے اختیارات محدود کرنے سے متعلق ایوان نمائندگان کی قرارداد کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ڈیموکریٹس میری ایک اور کامیابی دیکھنے کے بجائے ملک کو ناکام ہوتا دیکھنا پسند کریں گے۔ٹرمپ نے اپنے قریبی مشیروں کو نجی طور پر بتایا ہے کہ اگر ایرانی حملوں میں امریکی فوجی ہلاک ہوئے تو وہ تہران کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے پر غور کر سکتے ہیں‘ادھر ایران کے سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ میں دشمنوں کو فیصلہ کن دھچکا پہنچایا ہے جس کے بعد امریکا اور اسرائیل گہری ذلت کا سامنا کررہے ہیں ‘امریکا اور اسرائیل جنگ میں ناکامی کے بعد ایران کے اندر تقسیم کا بیج بونا چاہتے ہیںجبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کاکہنا ہے کہ ہماری عسکری پوزیشن اب اس سے زیادہ مضبوط ہے جتنی جنگ سے پہلے تھی۔بحری آمد و رفت کی نگرانی کرنے والی فرم کیپلرکے مطابق 70لاکھ بیرل تیل سے لدے ایران کے چارآئل ٹینکرزگزشتہ روزامریکی ناکہ بندی توڑکر آبنائے ہرمز عبورکرگئے ۔حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم نے لبنان اسرائیل جنگ بندی مستردکرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کوئی بھی معاہدہ ہتھیار ڈالنے اور شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہو گاجبکہ ایران کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی کےمطابق اسرائیل کو لبنان میں جنگ سے پہلے والی پوزیشنوں پر واپس جانا ہو گا۔پاسداران انقلاب نے خبردار کیاہے کہ لبنان سے اسرائیلی انخلا کےبغیر خطے میں امن نہیں ہوگا‘امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے لبنان سمیت تمام محاذوں پر سیز فائر لازمی شرط ہے جبکہ رہبراعلیٰ کے مشیر محسن رضائی کاکہنا ہے کہ معاہدے کے مسودے میں کچھ نکات کی وضاحت ابھی باقی ہے‘جنگ کے خاتمے کے لیے زیربحث مفاہمت کی یادداشت کے موجودہ مسودے میں کچھ ابہام ہیں جن کی وضاحت کی جانی ضروری ہے۔ٹرمپ ایران پر اپنی شرائط قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں اور تہران کی شرائط کو مبہم حالت میں رکھنا چاہتے ہیں۔ دریں اثناءاقوامِ متحدہ کے جوہری توانائی کے نگراں ادارے نے جمعرات کو رکن ممالک کو ایک رپورٹ بھیجی ہے جس میں ایران سے اپنے اس مطالبے کو دہرایا گیا ہے کہ وہ ایک سال قبل اپنے جوہری مراکز پر ہونے والی بمباری کے بعد سے اپنے افزودہ یورینیم کی صورتحال کے بارے میں ایجنسی کو فوری طور پر مطلع کرے اور معائنے مکمل طور پر دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے۔رپورٹ کے مطابق آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے ایران پر زور دیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے معاہدےپر مؤثرطریقے سے عمل درآمد کرنا ناگزیر اور انتہائی ضروری ہے اور یہ کہ کسی بھی صورت حال میں ایران کی جانب سے اس کے نفاذ کو معطل نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا کا کہنا ہے کہ لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی انخلا تک خطے میں استحکام نہیں آسکتا۔
ایک بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی امریکا کیساتھ مذاکرات میں ایران کی ابتدائی شرط تھی۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے مطالبہ کیا کہ دشمن فوری طور پر لبنانی عوام پر حملے بند، لبنان کے مقبوضہ علاقوں کو خالی کر کے بین الاقوامی سرحدوں سے فوری پیچھے ہٹے، اور لبنان کی علاقائی سالمیت کو تسلیم کرے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین نے لبنان کی مسلح افواج کو اضافی 100 ملین یورو فراہم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
یورپی یونین خارجہ امور کی سربراہ کایا کالاس نے ایک بیان میں کہا کہ حزب اللّٰہ کے خطرے کو کم کرنے کا بہترین طریقہ لبنانی ریاست کو مضبوط کرنا ہے۔
جنگ بندی پر اتفاق کے باوجود اسرائیل باز نہیں آیا، لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 8 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔
لبنانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملے جنگ بندی کے بعد کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل اور لبنان جنگ بندی پر متفق ہوئے تھے، امریکی ثالثی میں واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔حزب اللہ کے فائبر آپٹک ڈرونز نے اسرائیلی دفاعی نظام کی قلعی کھول دی ۔ صہیونی فوج کوروزانہ جانی نقصان،یوکرین جنگ میں استعمال ہونے والی تکنیک لبنان میں بھی مؤثر ثابت،اسرائیلی فوجی قیادت پر پیشگی انتباہات نظر انداز کرنے کا الزام، سادہ حفاظتی اقدامات اپنانے میں بھی ناکامی کا سامنا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے کہا ہے کہ ٹرمپ دباؤ ڈال رہے ہیں کہ ہم ان کی شرائط مانیں اور اپنی شرائط مبہم رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مسودے میں ابہام ہیں جن کی وضاحت ضروری ہے۔
اس سے پہلے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ دشمن ایران میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
آیت اللّٰہ روح اللّٰہ خمینی کی 37 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن میدان میں شکست کے بعد عوام کی استقامت کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔















Post your comments