شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خوارج ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اس گروہ کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرحدی ذمے داریوں کو مؤثر انداز میں پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، افغان طالبان حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمے داریاں پوری کرے، افغان طالبان حکومت اپنی سر زمین کو خوارج کے استعمال سے روکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن باڑہ خیبر اور بنوں میں کئے گئے،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ باڑہ خیبر میں آپریشن کے دوران 10 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 3 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا، کامیاب کارروائیوں کے دوران متعدد دہشتگرد ٹھکانے تباہ کئے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت آپریشن جاری ہے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا گیا ہے۔ادھر صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف،وزیر داخلہ محسن نقوی اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خیبر پختونخوا میں 13 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔










Post your comments